کعبہ کے گرد طواف کیلئے کثیر المنزلہ صحن کا تعمیراتی کام شروع‘ ایک گھنٹے میں ایک لاکھ 30ہزار افراد طواف کر سکیں گے، دوسری اور تیسری منزل پر معمر او رمعذور افراد کیلئے کیبل کار‘سب سے اوپر والی منزل پرخود کار راستے چلائے جائیں گے

جمعہ 16 نومبر 2012 16:23

مکہ مکرمہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 16نومبر 2012ء) مسجد الحرام میں مطاف ( خانہ کعبہ کے اردگر د طواف کرنے کے لئے مختص صحن) کو توسیع دینے اور یہاں طواف کے لئے کثیر المنزلہ صحن تعمیر کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ۔ تعمیراتی کام کے لئے تاریخ کی بلند ترین دو عدد کرینیں تیار کر کے عمارت کی مشرقی اور مغربی جانب نصب کر دی گئی ہیں ۔عرب نیوز کے مطابق منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں ایک گھنٹہ کے دوران ایک لاکھ 30ہزار افراد طواف کر سکیں گے ۔

اس وقت مطاف کی استعداد 52ہزار افراد فی گھنٹہ ہے۔

(جاری ہے)

مطاف کو توسیع دینے کا کام اس مقصد کے لئے مرتب کی جانے والی تفصیلی اور جامع سٹڈی رپورٹ کی روشنی میں کیا جا رہا ہے ۔منصوبے کے تحت طواف کرنے کی جگہ کو نماز ادا کرنے کی جگہ سے علیحدہ کر دیا جائے گا اور مسجد کی مختلف منزلوں سے مطاف کو جانے کے لئے راستے تعمیر کئے جائیں گے۔ رش سے بچنے کے لئے مطاف میں داخل ہونے اور یہاں سے نکلنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ مطاف کی دوسری اور تیسری منزل پر معمر او رمعذور افراد کے لئے کیبل کار کی سہولت مہیا کی جائے گی اور مسجد الحرام کے باہر سے اس جگہ تک براہ راست رسائی ہو گی ۔مطاف کی سب سے اوپر والی منزل پر کعبہ کے گرد طواف کے لئے خود کار راستے نصب کئے جائیں گے۔