وزیر صحت سردار قمر زمان کے وعدے کے باوجود بی ایچ یو چناری کو آر ایچ سی کادرجہ نہ مل سکا‘ عوام کو مشکلات کا سامنا

جمعہ 16 نومبر 2012 16:31

چکوٹھی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 16نومبر 2012ء)وزیر صحت سردار قمر زمان کے وعدے اور یقین دہانی کے باوجود بی ایچ یو چناری کو آر ایچ سی کادرجہ نہ مل سکا،چار یونین کونسلز کے عوام عرصہ دراز سے شدید مشکلات کا شکار ہیں ،وزیرصحت عوام کے ساتھ چناری میں کئے گئے وعدے کو پورا کریں بصورت دیگر بھرپور عوامی احتجاج کیاجائے گا۔ان خیالات کا اظہار یونین کونسلز چناری ،گوجر بانڈی،چکہامہ کے ایک نمائندے وفد نے چناری میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بی ایچ یو چناری جو عرصہ دراز سے قائم ہے کو آر ایچ سی کا درجہ ملنا عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے اسی سلسلہ میں ایک بار شاہراہ سرینگر بلاک کرکے بھوک ہڑتال بھی کی گئی تھی اور وزیر صحت نے خود چناری میں آکر بی ایچ یو چناری کو آر ایچ سی کا درجہ دینے کا وعدہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال ختم کروائی تھی مگر آج تک وہ وعدہ وفا نہیں ہوسکا۔نمائندہ وفد نے وزیر صحت کو وعدہ یاد کرواتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بی ایچ یو چناری کو آر ایچ سی کادرجہ دے کر عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کریں تاکہ لوگوں کی مشکلات میں کمی آسکے اگر اس بار ایسا نہ کیاگیا تو سرکل چناری کی عوام کو لے کر سڑکوں پر نکلیں گے اور وزیر اعظم سیکرٹریٹ تک لانگ مارچ کریں گے ۔