20ارب روپے کے بیل آوٹ ترقیاتی پیکج سے تمام رکے ہوئے ترقیاتی منصوبہ جا ت کو مکمل کرنے میں مدد ملے گی،وفاق کی طرف سے فراخدلانہ ترقیاتی پیکج دینے پر صدر زرداری اور وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں ، ہر مشکل وقت میں کشمیری عوام کا ساتھ دیا ،مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ کشمیریوں کی اخلا قی اور سفارتی حمایت جاری رکھی،اپنے اصولی موقف سے کبھی دستبردار نہیں ہوا ،آذاد کشمیر کے وزیر صحت سردار قمرالزامان خان کی وفودسے گفتگو

اتوار 18 نومبر 2012 16:40

باغ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔18نومبر۔2012ء) آذاد کشمیر کے وزیر صحت سردار قمرالزامان خان نے کہا کہ20ارب روپے کے بیل آوٹ ترقیاتی پیکج سے تمام رکے ہوئے ترقیاتی منصوبہ جا ت کو مکمل کرنے میں بہت مدد ملے گئی وفاق کی طرف سے فراخدلانہ ترقیاتی پیکج دینے پر صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں کشمیری عوام کا ساتھ دیا اور انہیں کسی بھی موقع پر تنہا نہیں چھوڑا۔

مسئلہ کشمیر پر بھی ہمیشہ کشمیریوں کی اخلا قی اور سفارتی حمایت جاری رکھی اور اپنے اصولی موقف سے کبھی دستبردار نہیں ہوا آذاد کشمیر کی حکومت اپنے تمام وسائل بلا تخصیصں اپنے عوام پر خرچ کر رہی ہے صرف سوا سال کے مختصر عرصے میں یہاں پر 3میڈیکل کالجز کا قائم کرنا،متعدد آئی ٹی یونیورسٹیوں کا قیام ،فرسٹ ویمن، یونیورسٹی فرسٹ آلا ئیڈ انسٹیٹیوٹ ،درجنوں تعلمی اور دیگر اداروں کی اپ گریڈیشن ،گرینڈ ہیلتھ پیکج پیپلز پارٹی حکومت کے وہ نمایاں کارنامے ہیں جو تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھے جائیں گے۔

(جاری ہے)

باغ ملبہ سکنڈل سے کڑوڑوں روپے ہڑپ کرنے والوں نے اپنی کرپشن چھپانے کے لیے ہاتھ پاوں مارنا شروع کر دیے ہیں لیکن زلزلہ متاثرین کے کڑوڑوں روپے ہڑپ کرنے والوں کواب عبرت ناک سزا سے کوئی نہیں بچا سکتا ان کے نذدیک قانون کا گھیراؤ تنگ کیاجارہا ہے۔آذاد کشمیر کی وادی نیلم قدرتی ذخائر سے مالا مال ہے۔ ماضی کی حکومت نے خفیہ طریقوں وادی نیلم کے قدرتی ذخائر کو لوٹا اور آج تک نیلم کے قدرتی ذخائر کے بارئے میں یہاں کے عوام کو کچھ نہیں بتایا پیپلز پارٹی کی حکومت بننے سے صرف ایک دن قبل غیر قانونی ایگریمنٹ کر کے اپنی کرپشن کو چھپانے کی ناکام کوشش کی گئی ہے جیسے ہم بہت جلد منظر عام پر لائیں گے اور عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کریں گے ہماری حکومت نے چوری اور کرپشن کے تمام سوراخ بند کر دئیے۔

نیلم کے ذخائر پہلے نیلم کے عوام پر پھر آذاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود اور خطہ کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں پر حلقہ شرقی اور وسطی کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع باغ کے صدر اور چیئرمین زکوة سردار رفیق بیگ،باغ ڈویلپمنٹ آتھارٹی کے چیئرمین سردار راشد قمر،ایڈمنسٹریٹر میونسیپل کارپوریشن زاہد جبار عباسی اور چیئرمین ضلع کونسل حاجی اورنگزیب بھی موجود تھے ۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت نے تہیہ کیا ہے کہ پورئے آذاد کشمیر کے ہر علاقہ گاؤں دیہات کی سطح پربجلی تعلیم سڑک اور صحت کی سہولیات بلاتخصیص پہنچائی جائیں گی تاکہ یہاں کی عوام کی محرومیوں کو ختم کیا جاسکے اور ان کے تمام حقوق ان کی دھلیز پر پہنچائی جاہیں۔انہوں نے کہا ہیلتھ پیکج دینے سے عوام کو نہ صرف صحت کی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ بے روز گاری کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گئی