یوتھ فورس کا بتی چوک لاہور میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی، اسرائیل بربریت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ،مظاہرے میں اسرائیلی پرچم نذر آتش ، سینکڑوں کارکنان کی شرکت ،اسرائیل اور اس کے حواریوں کیخلاف نعرہ بازی،اہل حدیث یوتھ فورس کے زیر اہتمام ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ، مرکزی قائدین کی شرکت ،دینی طبقے کا لاہور شہر کے مختلف چوکوں کے نام تبدیل کر کے خلفائے راشدین کے نام منسوب کرنے کا مطالبہ

اتوار 18 نومبر 2012 16:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔18نومبر۔2012ء) اہل حدیث یوتھ فورس کا بتی چوک لاہور میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اسرائیل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ۔مظاہرے میں اسرائیلی پرچم نذر آتش کیا گیا۔ سینکڑوں کارکنان کی شرکت ۔ اسرائیل اور اس کے حواریوں کیخلاف نعرہ بازی۔ اس سلسلہ میں اہل حدیث یوتھ فورس کے زیر اہتمام لاہور، کراچی ،حیدر آباد، سکھر ، خانپور، بہاولپور، ملتان، ساہیوال ، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ ، چنیوٹ ، سرگودھا، فیصل آباد ، اسلام آباد، پشاور، مردان، مالاکنڈ، باجوڑ ایجنسی میں بھی اسرائیلی حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

لاہور میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ ذاکر الرحمن صدیقی نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جارحیت امریکی بربریت کا شاخسانہ ہے۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان فلسطینیوں کو خالی بیان بازی پر طفل تسلیاں دینے کی بجائے اظہار یکجہتی کیلئے مصر کا ساتھ دیں۔ مسلمانوں کی نسل کشی اور خواتین کی بے حرمتی عالمی قوانین کی کھلم کھلی خلاف ورزی ہے۔ انسانی حقوق کے ٹھیکیدار اقوام متحدہ کی فلسطینیوں پر مظالم پر خاموشی اسلام دشمنی کی عکاسی ہے۔

مسلم امہ کے حکمران اسرائیل اور اس کے حواریوں کا ہر طرح کا بائیکاٹ کریں۔ OIC مجرمانہ خاموشی توڑ کر مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دے۔ بعد ازاں اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے صدر حافظ ذاکر الرحمن صدیقی نے خلافت راشدہ کانفرنس /سٹی فیصل آباد کی نومنتخب قیادت کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کے تمام صحابہ جنتی ہیں۔

صحابہ اور اہل بیت کی توہین اللہ اور اس کے رسول کو ناراض کرنے کے مترادف ہے۔ مسلمانوں کا تمام صحابہ اور اہل بیت کو عزت و احترام دینا ان کے ایمان کا حصہ اور ان کی توہین کرنا کفر ہے۔ حافظ فیصل افضل شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ اللہ کے ہاں بہت مکرم ہے۔ حکمرانوں سمیت تمام مسلمان اس کا احترام کریں ۔ محرم الحرام میں امن و امان کو قائم رکھنے کیلئے خصوصی علماء کرام اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ چوک شادمان کو بھگت سنگھ کے نام منسوب کرنے کا مطالبہ کرنے والے غیر ملکی ایجنٹ ہیں۔ اس کا مطالبہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔ سٹی حکومت شہر کی مختلف شاہراؤں اور چوکوں کے نام نمایاں شخصیات کے نام منسوب کرنے کی بجائے خلفائے راشدین کے نام منسوب کرے۔ حکومت کے ایسے اقدام کرنے سے دینی طبقے کی ہمدردی حاصل کر سکتی ہے۔