کوئٹہ ‘ مشرقی بائی پاس پر فائرنگ سے زخمی نوجوان کو ڈاکٹروں کی ہڑتال سے طبی امداد نہ ملنے پر ورثاء کا زخمی کو سڑک کے درمیان رکھ کر شدید احتجاج

منگل 20 نومبر 2012 15:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 20نومبر 2012ء) کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان زخمی ‘ مسیحاؤں کی ہڑتال کے باعث زخمی کو طبی امداد نہ ملنے پر ورثاء کا زخمی کو سڑک کے درمیان رکھ کر شدید احتجاج‘ جناح روڈ کو ٹریفک کیلئے بندکر دیا۔

(جاری ہے)

منگل کو واقعات کے مطابق کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایک نوجوان کو گولی مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا ۔

موقع پر موجود افراد اور زخمی کے ورثاء اسے ہسپتال لے گئے تاہم ڈاکٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے مضروب کو طبی امداد نہ دی جا سکی جس پر زخمی نوجوان کے ورثاء نے شدید احتجاج کیا اور زخمی کو سڑک کے درمیان رکھ کر جناح روڈ کو ٹریفک کیلئے بندکر دیا۔ جس سے سڑک پر سینکڑوں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں جبکہ ہسپتال خصوصاً ایمرجنسی کی بندش کیخلاف عوام نے شدید نعرے بازی کی۔