پاکستانی سیلاب متاثرین کیلئے 8 کروڑ ڈالر کی ہنگامی ضرورت ہے، لاکھوں متاثرین کے پاس خوراک اور سائبان نہیں ، 10 لاکھ سے زیادہ لوگ اب بھی صحت و صفائی کی سہولتوں، پینے کے صاف پانی اور بیج اور کھاد سے محروم ہیں، اقوام متحدہ

بدھ 21 نومبر 2012 15:02

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 21نومبر 2012ء ) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسے پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے 8 کروڑ ڈالر کی ہنگامی ضرورت ہے، لاکھوں متاثرہ افراد کو اب بھی خوراک اور سائبان کی ضرورت ہے جبکہ10 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو اب بھی صحت و صفائی کی سہولتوں، پینے کے صاف پانی اور بیج اور کھاد سے محروم ہیں۔

بدھ کواقوام متحدہ کی انسانی امداد کے امور کے متعلق نائب سیکریٹری جنرل کیتھرین براگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جیسا کہ عام طور پر ایسے طویل بحرانوں میں ہوتا ہے، اقوام متحدہ کے پاس پیسوں کی کمی ہے اور متاثرین کی امداد کے لیے فوری طور پر7 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما قریب ہے اور اس کی وجہ سے متاثرین کی امداد کے سلسلے میں پیسوں کی ہنگامی ضرورت بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی اہلکار نے بتایا ہے کہ لاکھوں متاثرہ افراد کو اب بھی خوراک اور سائبان کی ضرورت ہے جبکہ دس لاکھ سے زیادہ لوگوں کو اب بھی صحت و صفائی کی سہولتوں، پینے کے صاف پانی اور بیج اور کھاد کی ضرورت ہے۔ کیتھرین براگ کے بقول متاثرین کی امداد کے سلسلے میں اقوام متحدہ کو مجموعی طور پر16 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی ضرورت ہے لیکن اس وقت 7 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی ہنگامی ضرورت ہے جبکہ اب تک اقوام متحدہ سے مجموعی طور پر 5کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی امداد کے وعدے کیے گئے ہیں۔