سابق دور میں پنجاب انٹرٹینمنٹ کمپنی بنا کر کروڑوں روپے کا فراڈ کیا گیا، ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، آلات کی درآمد کیلئے لیٹر آف کریڈٹ کھولا گیانہ مشینری پاکستان آئی، کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والوں کو حساب دینا ہوگا، ”سب سے پہلے پاکستان“ کا نعرہ لگانے والے آمر کے حواری عوام کے خون پسینے کی کمائی بیدردی سے ہڑپ کرتے رہے،وزیراعلیٰ کی پنجاب انٹرٹینمنٹ کمپنی کیلئے مخصوص جگہ پر کرکٹ گراؤنڈکی جلدتعمیر اور دو منزلہ بیسمنٹ پارکنگ بنانے کی ہدایت

بدھ 21 نومبر 2012 19:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21نومبر۔2012ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سابق دور میں پنجاب انٹرٹینمنٹ کمپنی بنا کر کروڑوں روپے کا فراڈ کیا گیا، اس پراجیکٹ کیلئے مشینری کی درآمد کیلئے لیٹر آف کریڈٹ کھولا گیانہ مشینری پاکستان آئی، فراڈ میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق ڈکٹیٹر کے دور اقتدار میں قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ ”سب سے پہلے پاکستان“ کا نعرہ لگانے والے آمر کے حواری عوام کے خون پسینے کی کمائی بیدردی سے ہڑپ کرتے رہے۔ پنجاب بنک اور لاہور قصور روڈ میں اربوں روپے کے ڈاکے اس کی واضح مثال ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے لوٹ مار کاکلچر دفن کرکے شفافیت اور گڈگورننس کی روایات کوفروغ دیا۔

عوام کی خون پسینے کی کمائی کا ایک ایک پیسہ عوامی منصوبوں پر خرچ کیا جارہا ہے۔ سابق دور میں پنجاب میں کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والوں کوقومی خزانہ لوٹنے کا حساب دینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب انٹرٹینمنٹ کمپنی کیلئے مخصوص جگہ پر کرکٹ گراؤنڈ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ گراؤنڈ کے نیچے دو منزلہ بیسمنٹ پارکنگ بھی بنائی جائے گی۔

منصوبے کیلئے منظورشدہ آلات بیرون ملک سے پاکستان لانے کا بھی انتظام کیا جائے اور کرکٹ گراؤنڈ جلد سے جلد مکمل کی جائے۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان، ارکان اسمبلی ڈاکٹر سعیدالٰہی، حافظ میاں محمد نعمان، چیف سیکرٹری پنجاب، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، قانون اور اطلاعات کے سیکرٹریوں، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے سمیت متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔