پیما نے میڈیکل مشن غزہ بھیجنے کا اعلان کر دیا،پیما کے ڈاکٹرز اور سرجن ادویات کے ساتھ غزہ جائیں گے اور حالیہ اسرائیلی بمباری سے زخمیوں کو میڈیکل ریلیف مہیا کریں گے، ڈاکٹر مصباح العزیز، صدر پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن

جمعرات 22 نومبر 2012 19:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔22نومبر۔2012ء) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے غزہ میں میڈیکل مشن بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے غزہ کے محصور شہری خوراک اور ادویات کی شدید قلت کا شکار ہیں۔ پیما کے ڈاکٹرز اور سرجن ادویات کے ساتھ غزہ جائیں گے اور حالیہ اسرائیلی بمباری سے زخمیوں کو میڈیکل ریلیف مہیا کریں گے۔

پیما کے مرکزی صدر ڈاکٹر مصباح العزیز نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کے مظلوم مسلمان گزشتہ 8روز سے اسرائیلی جارحیت کا مسلسل شکار ہیں۔اب تک ہونے والے سینکڑوں حملوں میں 136فلسطینی شہید اور 1000سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ شہید اور زخمیوں میں بڑی تعداد خواتین او ر بچوں کی ہے۔پیما پاکستانی ڈاکٹرز کی واحد تنظیم ہے جو اس سے قبل 2007ء میں بھی اسرائیلی بمباری کے دوران غزہ میں میڈیکل سروسز فراہم کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

مشکل حالات کے باوجود پیما کے 2سرجنز نے غزہ کا دورہ کیا تھا اور وہاں کے ڈاکٹرز کے ساتھ مل کر زخمیوں کی دیکھ بھال، علاج معالجے کا کام کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں کے ڈاکٹرز کی ٹریننگ کا اہتمام بھی کیا تھا۔ اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پیما نے اسرائیلی جارحیت کا شکار غزہ کے مظلوم مسلمانوں کو میڈیکل ریلیف پہنچانے کے لئے میڈیکل مشن غزہ بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

جس میں میڈیکل آفیسرز، سرجنز شامل ہوں گے۔ پیما کا یہ مشن غزہ کے عوام کے لئے ادویات بھی مہیا کرے گا اور ان کے لئے پانی و خوراک اور دیگر ضروریات زندگی کا اہتمام بھی کرے گا۔ہم پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مصیبت کی ان گھڑیوں میں اپنے مظلوم مسلمانوں کی نصرت کے لئے خصوصی دعا کریں اور اگر اپنے ان بھائیوں کی امداد کے لئے سامان زندگی خصوصاََ ادویات کی صورت میں تعاون کرنا چاہتے ہیں تو پیما کے ڈاکٹرز سے رابطہ کریں