ملک میں زندگی بچانے والی ضروری ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے،نصیر خان

پیر 22 جنوری 2007 22:59

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جنوری۔2007ء) وفاقی وزیر صحت نصیر خان نے سینٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں زندگی بچانے والی ضروری ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ پیر کے روز ایک نکتہ اعتراض کے جواب میں وفاقی وزیر صحت نصیر خان نے کہا کہ ملک میں ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اگر کسی ایک برانڈ کی دوائی نہیں ہے تو اس کی متبادل ادویات موجود ہیں۔

ہم نے متعلقہ صوبوں سے بھی بات کی ہے تمام ادویات جو زندگی بچانے کیلئے ضروری ہین ملک میں موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

فارما سوٹیکل انڈسٹری کی یہ حکمت عملی ہے کہ وہ زیادہ قیمت والی ادویات زیادہ بناتے ہیں ۔ اس سے ملتی کم قیمت والی اتنی نہیں بناتے۔ بہت سی ادویات پر پابندی ہے۔ ہم مارکیٹ میں ادویات کی کمی برداشت نہیں کریں گے۔ متحدہ مجلس عمل کے ڈاکٹر خالد سومرو نے کہاکہ ادویات کا مسئلہ بہت اہم ہے۔ اس سے قبل سینیٹر رازینہ عالم نے ملک میں زندگی بچانے والی ادویات مارکیٹ میں دستیاب نہ ہونے پر سخت احتجاج کیا اور کہا کہ اس سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے اور انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں اس کا حکومت فوری تدارک کرے۔