خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ کمر کی سرجری کے بعد رو بہ صحت، خادم الحرمین الشریفین ہسپتال ہی زیر علاج ہیں، ان کی صحت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے،ڈاکٹروں نے ان سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے ، کئی ملکی اور غیر ملکی وفود نے ہسپتال میں ان کی خیریت دریافت کی ، ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ سلیمان بن عبدالعزیز کی گفتگو

جمعہ 23 نومبر 2012 15:36

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 23نومبر 2012ء )سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کمر کی سرجری کے بعد تیزی سے روبہ صحت ہو رہے ہیں۔ انہیں حال ہی میں کمر میں لچک پیدا کرنے والے پٹھوں کی سرجری کے لیے دارالحکومت ریاض کے شاہ عبدالعزیز نیشنل سیکیورٹی کمپلیکس میں داخل کیا گیا تھا۔ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ سلیمان بن عبدالعزیز نے میڈیا کو بتایاکہ خادم الحرمین الشریفین ہسپتال ہی میں زیر علاج ہیں تاہم اب ان کی صحت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں نے ان سے ملاقات کی بھی اجازت دے دی ہے جس کے بعد کئی ملکی اور غیر ملکی وفود نے ہسپتال میں ان کی خیریت دریافت کی ہے۔ شہزادہ سلیمان نے بتایا کہ عیادت کرنے والوں میں سابق لبنانی وزیر اعظم سعد حریری بھی شامل ہیں۔قبل ازیں سعودی عرب کے دیوان شاہی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ شاہ عبداللہ کی کمر کے بالائی حصے میں تکلیف کے بعد انہیں ریاض میں شاہ عبدالعزیز کمپلیکس میں لے جایا گیا تھا، جہاں ان کی کمر کے بالائی حصے کی سرجری کے بعد کمر میں لچک پیدا کرنے والے پٹھے ڈالے گئے ہیں۔