پمز ہسپتال میں 16منزلہ میڈیکل ٹاور کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

منگل 23 جنوری 2007 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جنوری۔2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے پمز ہسپتال میں کثیر منزلہ میڈیکل ٹاور کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے منصوبے پر دو ارب بیس کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ منگل کے روز وزیراعظم شوکت عزیز نے پمز ہسپتال میں سولہ منزلہ میڈیکل ٹاور کا سنگ بنیاد رکھا ہے اس منصوبے پر دو ارب بیس کروڑ روپے لاگت آئے گی اور اس سے دو ہزار افراد کو روزگار مہیا ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے عوام کو صحت کی سستی اور معیاری سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بار بار حکومتیں بدلنے سے ملکی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں موجودہ حکومت کی پالیسیوں میں تسلسل سے معیشت مستحکم ہوئی ہے شوکت عزیز نے کہا کہ پمز ہسپتال ملک کا بڑا ہسپتال ہے اور یہاں پر صحت کی معیاری سہولیات جدید طریقوں سے فراہم کی جاتی ہیں انہوں نے کہا کہ زلزلہ کے بعد پمز ہسپتال کے عملے نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں پہلے سے بہتر ہسپتال تعمیر کررہی ہے تاکہ متاثرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔