بار بار حکومتیں بدلنے سے ملکی ترقی پر منفی اثر پڑا،وزیراعظم شوکت عزیز،عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے وسائل کی کمی نہیں ،زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں پہلے سے زیادہ بہتر ہسپتال تعمیر کئے جارہے ہیں، پمز میں 16منزلہ ٹاور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

منگل 23 جنوری 2007 14:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جنوری۔2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ ماضی میں بار بار حکومتیں بدلنے سے ملکی ترقی پر منفی اثر پڑا لیکن اب پالیسیوں کا تسلسل اقتصادی ترقی کی اہم وجہ ہے ملک میں عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے وسائل کی کوئی کمی نہیں ،معاشی پالیسیوں پر کوئی یوٹرن نہیں لیا جائے گا۔ وہ منگل کے روز پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں سولہ منزلہ ٹاور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

منصوبے پر دو ارب بیس کروڑ روپے لاگت آئے گی اور یہ پانچ سو بستروں پر مشتمل ہوگا اور اس سے دو ہزار افراد کو روزگار میسر آسکے گا۔ وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا کہ ماضی میں بار بار حکومتیں بدلنے سے ملکی ترقی پر منفی اثر پڑا ہے جس کے باعث عوام کا معیار زندگی بھی متاثر ہوا ہے لیکن موجودہ حکومت نے برسراقتدار آکر جو پالیسیاں ترتیب دیں وہ کامیابی سے جاری ہیں جس کے باعث عوام کا معیار زندگی بلند ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی سستی اور معیاری سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ شوکت عزیز نے کہا کہ پمز ہسپتال ملک کا بڑا ہسپتال ہے اور یہاں پر صحت کی معیاری سہولیات جدید طریقوں سے فراہم کی جاتی ہیں انہوں نے کہا کہ زلزلہ کے بعد پمز ہسپتال کے عملے نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں پہلے سے بہتر ہسپتال تعمیر کررہی ہے تاکہ متاثرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبوں کو بھی ایسا کم از کم ایک میڈیکل کمپلیکس تعمیر کرنا چاہئے تاکہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وسائل زیادہ ہیں اس لئے صحت اور دیگر بنیادی سہولیات پر زیادہ خرچ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے صحت کے شعبے میں نجی شعبے کی خدمات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ عمران خان کی جانب سے تعمیر کیا گیا کینسر ہسپتال اور دیگر کئی ادارے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات مہیا کررہے ہیں۔