مٹھی بھر ڈاکٹروں نے ہسپتالوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے‘ ڈاکٹرز کے ہاتھوں ہسپتالوں اور مریضوں کو مزید یرغمال نہیں رہنے دیں گے‘ ینگ ڈ اکٹرز نے کل اپنی ذمہ داریاں نہ سنبھالیں تو ان کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی کی جائے گی، بلوچستان کے سیکرٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ کی میڈیا سے بات چیت

پیر 26 نومبر 2012 16:26

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 26نومبر 2012ء) بلوچستان کے سیکرٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ مٹھی بھر ڈاکٹروں نے ہسپتالوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے‘ ہم ڈاکٹروں کے ہاتھوں ہسپتالوں اور مریضوں کو مزید یرغمال نہیں رہنے دیں گے‘ ینگ ڈ اکٹرز نے کل منگل کو اپنی ذمہ داریاں نہ سنبھالیں تو ان کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

پیر کو میڈیا سے بات چیت میں صوبائی سیکرٹری صحت نے کہا کہ ہڑتالی ڈاکٹروں نے حکومت کی طرف سے دی گئی ڈیڈ لائن کے اندر اپنی ڈیوٹی پر حاضری نہ دی تو ان ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی اکثریت ہڑتال ختم کرنے کی خواہاں ہے تاہم چند ڈاکٹروں نے اکثریت کو یرغمال بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے صوبے بھر میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے ڈاکٹر اپنے ساتھی ڈاکٹر سعید خان کے اغواء کے خلاف 17اکتوبر سے ہڑتال پر ہیں او ر انہوں نے ڈاکٹر سعید کی بازیابی تک ہڑتال جاری رکھنے کی دھمکی دے رکھی ہے ۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بلوچستان میں ڈاکٹرز کا اغواء ایک معمول بن چکا ہے اور زیادہ تر ڈاکٹرز کو تاوان کیلئے اغواء کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :