انتخابات مقرر وقت پر ہوں گے ، پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنی آئینی مدت مکمل کرکے آئندہ کیلئے مثال قائم کردی ہے ، اپوزیشن لیڈر کا ڈی ایٹ کانفرنس کو ناکام قرار دینا بھونڈے مذاق سے زیادہ کچھ نہیں، انتخابات کے انعقاد بارے مشکوک و شبہات جمہوریت دشمن عناصر پھیلا رہے ہیں، وفاقی ہسپتالوں میں مریضوں و لواحقین کو مثالی ماحول فراہم کیا جائے گا ، اگلے ہفتے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پمز ہسپتال میں لیور ٹرانسپلانٹ ، برن یونٹ ، شعبہ امراض دل یونٹ کا افتتاح کریں گے،چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری ، وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ اور وفاقی وزیر (کیڈ) نذر گوندل کی پمز میں ہفتہ صفائی کے آغاز پر منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت

پیر 26 نومبر 2012 20:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔26نومبر۔2012ء) چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ اور وفاقی وزیر (کیڈ) نذر گوندل نے کہا ہے کہ انتخابات اپنے مقرر وقت پر ہوں گے ، پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنی آئینی مدت مکمل کرکے آئندہ کیلئے مثال قائم کردی ہے ، اپوزیشن لیڈر کا ڈی ایٹ کانفرنس کو ناکام قرار دینا بھونڈے مذاق سے زیادہ کچھ نہیں، انتخابات کے انعقاد بارے مشکوک و شبہات جمہوریت دشمن عناصر پھیلا رہے ہیں، وفاقی ہسپتالوں میں مریضوں و لواحقین کو مثالی ماحول فراہم کیا جائے گا ، اگلے ہفتے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پمز ہسپتال میں لیور ٹرانسپلانٹ ، برن یونٹ ، شعبہ امراض دل یونٹ کا افتتاح کریں گے،وہ پیر کو یہاں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں ہفتہ صفائی کے آغاز پر منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہوا مگر طبی سہولیات پر توجہ نہیں دی گئی کیوبا یہاں کینسر ہسپتال قائم کرنا چاہتا ہے ، چیئرمین سینٹ نے کہا کہ اسلام آباد مکمل پلاننگ سے آباد کیا گیا ، وفاقی داراحکومت ہونے کی وجہ سے ملک بھر سے لوگ یہاں رہائش پذیر ہیں جس سے آبادی میں بے تحاشا اضافہ ہوگیا مگر ہسپتال نہیں بنائے جاسکے جس سے عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر نہ آسکیں ، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہسپتالوں میں سہولیات کا اضافہ کریں اس حکومت نے NIHمیں میڈیکل کمپلیکس دیا ، میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا گیا ، وزارت کیڈ اور پمز انتظامیہ نے ہفتہ صفائی مناکر اچھا قدم اٹھایا جب تک مریضوں اور لواحقین کو اچھا ماحول فراہم نہیں ہوگا ادویات کے اثرات بہتر نہیں مرتب ہوتے ، چیئرمین سینٹ نے کہا کہ دورہ کیوبا کے دوران کیوبا کی حکومت نے اسلام آباد میں کینسر ہسپتال قائم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ، 908 پاکستانی ڈاکٹرز کیوبا میں زیرتعلیم ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہفتہ صفائی میں عوام کو بھی شامل ہوناچاہئے ، موجودہ حکومت عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان بادشاہ آدمی ہیں اپنی پالیسی پر چلتے ہیں ڈی ایٹ کانفرنس کے حوالے سے بھونڈے اعتراضات ہیں اس کانفرنس سے پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے ، محرم الحرام کے دوران کیا دنیا کے اسلامی ممالک میں کام بند ہوجاتا ہے اور کیا چوہدری نثار خود کالے کپڑے پہن کر سوگ میں رہے ہیں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کانفرنس میں صدر ملکت نے پاکستان کی نمائندگی کی ہے پارٹی کے شریک چیئرمین نے صرف شریک ہوئے تھے ، انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کے اقدامات کو سراہا جانا چاہئے ان اقدامات سے بہتر نتائج سامنے آئے ہیں ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور پھر 60 دنوں میں انتخابات ہوں گے ، انتخابات کے التواء کا خدشہ ان کو ہے جو ماضی میں سہاروں کے ذریعے الیکشن میں حصہ لیتے تھے آج کل بے سہارا ہوچکے ہیں ، وفاقی وزیر کیڈ نذر محمد گوندل نے کہا کہ پمز میں ہفتہ صفائی منانے کا مقصد جنگل کا نقشہ تبدیل کرکے ہسپتال کی عمارت سامنے لانی تھی ، 378 مزدور کام کررہے ہیں ، ہسپتال کی 378 باتھ روم ، کچن سمیت لان و گراؤنڈز کی صفائی کی جائے گی ، ہسپتال میں تمام پمز ہسپتال میں لیور ٹرانسپلانٹ ، برن یونٹ اور کارڈیک یونٹ کا افتتاح کریں گے۔