عوام جان و مال کے تحفظ کی بجائے لاشیں بانٹنے والی پنجاب حکومت سے نجات چاہتے ہیں‘ ٹوپی ڈراموں کے ماہر شہباز شریف کسی ایک وزارت کی ٹوپی اتارنے کو تیار نہیں، کھانسی کے زہریلے شربت پر بطور وزیر صحت صرف اپنے خلاف غیرجانبدار کمیشن سے انکوائری کروائیں ‘ ہر سال نیا جان لیوا سکینڈل سامنے آتا ہے نااہلی سے مزید کتنی جانیں لیں گے، ان کی سیاست کی طرح ہر چیز میں ملاوٹ ہے،مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا کا مذمتی بیان‘ متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی

منگل 27 نومبر 2012 16:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 27نومبر 2012ء) مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے صوبائی دارالحکومت کے علاقہ شاہدرہ ٹاؤن میں کھانسی کا زہریلا شربت پینے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ پر شدید غم و غصہ اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”خادم اعلیٰ“ پنجاب میں اپنی نااہلی سے مزید کتنے بے گناہوں کی جانیں لیں گے، عوام پریشان ہیں کہ ان کے جان و مال کے تحفظ کی بجائے لاشیں بانٹنے والی حکومت سے انہیں کب نجات ملے گی۔

منگل کو اپنے بیان میں سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ سیاست بازی اور انکوائری کا آرڈر کر کے شہباز شریف خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتے، بطور وزیر صحت وہ ان تمام ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں اور صرف اپنے خلاف غیرجانبدار اعلیٰ سطحی کمیشن سے انکوائری کروائیں تاکہ عوام کو اصل مجرم کا پتہ چل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب شہباز شریف نے اتنی زیادہ اور اہم وزارتیں اپنے پاس رکھی ہیں تو انہیں چاہئے کہ وہ پھر ان وزارتوں میں ہونے والی تمام خرابیوں، خامیوں، کرپشن اور غلط کاریوں کی ذمہ داری بھی قبول کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ٹوپی ڈراموں کے ماہر ہیں اسی لیے وہ کسی ایک وزارت کی ٹوپی بھی اپنے سر سے اتارنے کو تیار نہیں، یہی وجہ ہے کہ کسی وزارت یا محکمہ میں بھی عوامی فلاح و بہبود کی کوئی پالیسی نہیں بنتی اور نہ کوئی ایسا کام ہوتا ہے جس سے عام آدمی کا فائدہ ہو یا وہ کم از کم اپنے روزمرہ کے فرائض ہی احسن طور پر انجام دے سکیں۔ کامل علی آغا نے کہا کہ پنجاب میں حکومت پر قابض شریف برادران کی سیاست کی طرح اب صوبہ میں ہر چیز میں ملاوٹ ہے، کبھی دل کے مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں ملنے والی ادویات میں خوفناک ملاوٹ کا سکینڈل سامنے آتا ہے تو کبھی جعلی مچھر مار سپرے کے نتیجہ میں ڈینگی پھیل جاتا ہے اور اب کھانسی کا زہریلا شربت لوگوں کی جانیں لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ناقص حکمرانی میں ہر سال ایک نیا جان لیوا سکینڈل سامنے آ جاتا ہے جس کے نتیجہ میں کتنے ہی بے گناہ لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔