امام حسین رضی اللہ تعالی عنہہ کی قربانی کسی ایک مسلک یا طبقہ کیلئے نہیں اُمتِ مسلمہ کی وحدت اور دین اسلام کیلئے تھی‘ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو محرم الحرام میں خطہ میں ا من و امان برقرار رکھنے پر سراہتا ہوں ‘ تمام دینی جماعتوں نے بے مثال اخوت و بھائی چارہ کا مظاہرہ کیا‘ وزیر اعلیٰ کی دانشمندی اور سیاسی بصیرت کی وجہ سے تمام مکاتب فکر کے علما کرام نے امن و امان کیلئے تعاون کیا‘ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں محرم کے دوران دہشت گردی اور فرقہ واریت کا کوئی واقع پیش نہیں آیا، وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان میاں منظور احمد وٹو کی وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے ملاقات میں بات چیت

منگل 27 نومبر 2012 16:15

اسلام آباد (آئی ا ین پی) وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان میاں منظور احمد وٹو سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے منگل کو یہاں ملاقات کی جس کے دوران وزیر اعلٰی گلگت بلتستان نے وزیر اُمور کشمیر کو گلگت بلتستان میں محرم الحرم کے دوران امن و امان کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔میاں منظور احمد وٹو نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان ،انتظامیہ ،پولیس ،گلگت بلتستان اسکاوٹس اور دوسرے تمام ادارے جنہوں نے محرم الحرام کے جلوسوں میں امن و امان کے قیام میں کردار ادا کیا اُ ن کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا ۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے تمام مکاتب فکر کے علما سے مذاکرات کیے اور مسجد کمیٹیاں قائم کیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سیدمہدی شاہ کا یہ اقدام قابل تحسین تھا۔ اُن کی سیاسی بصیرت اور دور اندیشی کے باعث اس سال محر م الحرام کے دوران اہل تشیع و اہل سنت والجماعت نے بے مثال اسلامی اخوت و بھائی چارہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی دفعہ تمام مکاتبِ فکر کے علما اور پیروکاروں نے ماتمی جلوسوں میں شرکت کی ۔

محرم الحرام کے دوران گلگت بلتستان کی علماء کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ یہ پورے ملک کی مذہبی قیادت کے لیے ایک مثال ہے جس کی تقلید کی جانی چاہیے۔ اس موقع پر میاں منظور احمد وٹو نے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے تما م مکاتب فکر کے علماء کابھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ امام عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہہ کی قربانی کسی ایک مسلک یا طبقہ کے لیے نہیں تھی بلکہ تمام مسلمہ کی وحدت اور دین اسلام کی حفاظت کے لیے یہ ایک لازوال قربانی تھی ۔

آزاد کشمیر انتظامیہ اور سیاسی قیادت کو بھی سراہتے ہو ئے کہاکہ آزادکشمیر میں بھی محرم الحرام کے دوران دہشت گردی یافرقہ واریت کا کوئی واقع پیش نہیں آیا ۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سید مہدی شاہ نے کہا کہ وہ صدر پاکستان آصف علی زرداری ،وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اُمور کشمیر کا شکر یہ ادا کرتے ہیں کہ اُنکی راہنمائی اور پالیسیوں کے باعث گلگت بلتستان خطہ میں امن و امان قائم رہا۔