کراچی : کثیرالمنزلہ عمارت میں آگ ، ایک شخص جاں بحق

بدھ 28 نومبر 2012 15:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28نومبر 2012ء) کراچی کے علاقے زینب مارکیٹ کے سامنے واقع اسٹیٹ لائف بلڈنگ میں آگ لگ گئی ۔ آگ سے بچنے کی کوشش میں ایک شخص نے عمارت سے باہر نکلنے کی کوشش کی تاہم وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور آٹھویں منزل سے نیچے گرگیا۔ فوری طورپراسے اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم تمام کوششوں کے باوجود اسے بچایا نہ جاسکا۔

ذرائع کے مطابق آگ کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔ عمارت میں کئی افراد اندر پھنس گئے ہیں۔ عمارت عبداللہ ہارون روڈ پر واقع ہے۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کام کا آغاز کردیا جبکہ کچھ دیر بعد ہی ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔ آگ کے باعث عمارت میں دھواں بھر گیا ہے۔جس دفتر میں آگ لگی ہے وہ کے ای ایس سی کا اکاوٴنٹس ڈپارٹمنٹ ہے۔

(جاری ہے)

واقعے کے وقت دفتر میں تقریباً 25افراد موجود تھے۔ آگ بجھانے والی متعدد گاڑیاں اور اسنارکل امدادی کاموں اور آگ پر قابو پانے میں لگی ہوئی ہیں۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس کا نام اویس تھا اور وہ انٹرویو کی غرض سے آیا تاہم آگ ،دھویں اور راستوں سے لاعلمی کے باعث اس سے عمارت کی کھڑکی سے باہر نکلنے میں عافیت جاتی تاہم اس دوران اس کا توازن بگڑ گیا اور اس کے ہاتھ چھوٹ گئے۔ اسپتال ذرائع نے بھی نوجوان کے انتقال کرجانے کی تصدیق کردی ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پالیا اور عمارت میں پھنس جانے والے تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

متعلقہ عنوان :