ڈیرہ اسماعیل خان میں بم حملو ں میں زخمی ہونیوالے افرادکیلئے ہسپتال میں ادویات ناپید ،ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی کاصوبائی وزیرصحت سے رابطہ ، ہسپتال کیلئے ایمرجنسی ادویات کابندوبست کردیا،محرم کے دوران ڈیرہ میں بم دھماکے دوقوموں کولڑانے کی سازش ہے ،پولیس کی انکوائری پرہمیں اعتمادہے ،حکومت سے ان واقعات کی غیرجانبدارانہ جوڈیشل انکوائری کرائے ،ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 28 نومبر 2012 19:46

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔28نومبر۔2012ء) ڈیرہ اسماعیل خان میں نویں دسویں محر م الحرا م میں بم حملو ں میں زخمی ہونیوالے افرادکیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرٹیچنگ ہسپتال میں ادویات ناپیدہوگئیں،ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے صوبائی وزیرصحت سیدظاہرشاہ سے فوری رابطہ کرکے ہسپتال کیلئے ایمرجنسی ادویات کابندوبست کردیا،ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی کی طرف سے بم دھماکوں کے واقعات کی تحقیقات کیلئے پولیس کے علاوہ جوڈیشل انکوائری کامطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے کمشنری بازارمیں یوم عاشورہ اورتھویافاضل میں نومحرم الحرام کوہونیوالے بم دھماکوں کے دوران زخمی ہونیوالے افرادکیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرٹیچنگ ہسپتال میں ادویات کی کمی واقع ہوگئی ۔

(جاری ہے)

جس سے کئی قیمتی جانوں کے ضیاع کااندیشہ پیداہوگیا۔مذکورہ واقعہ کاعلم ہونے پرڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے فوری طورپرصوبائی وزیرصحت سیدظاہرعلی شاہ سے ٹیلی فون پررابطہ کیا اوران کوادویات کی کمی بارے آگاہ کیا۔

جس پر صوبائی وزیرصحت سیدظاہرعلی شاہ نے پشاورسے ایمرجنسی ادویات فوری طورپرڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرٹیچنگ ہسپتال روانہ کردیں۔جس سے ہسپتال میں ایمرجنسی ادویات کامسئلہ حل ہوگیاہے۔میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ محرم الحرام کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونیوالے بم دھماکے دوقوموں کولڑانے کی سازش ہے۔

ان دھماکوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔پولیس کی انکوائری پرہمیں اعتمادہے۔لیکن ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان واقعات کی غیرجانبدارانہ جوڈیشل انکوائری بھی کرائی جائے۔ہمیں ڈیرہ اسماعیل خان کاامن سب سے زیادہ عزیزہے۔انہوں نے کہاکہ بم دھماکوں سے متاثرہونیوالے خاندانوں کیلئے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے کارڈجاری کرنے کاسلسلہ شروع کردیاگیاہے۔ماہانہ امدادکے علاوہ دیگرسہولیات بھی متاثرہ خاندانوں کومہیاکی جائیں گی۔اسی طرح متاثرہ افرادکی فہرست بھی صوبائی حکومت کوایک دوروزمیں ارسال کردی جائیگی۔