عورتوں کو زیور تعلیم سے آراستہ نہ کرنا ایک سنگین جرم ہے، معاشرے میں توازن پیدا کرنے کیلئے خواتین کو مردوں کے برابر لانا چاہتے ہیں‘ موجودہ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں،تعلیمی ادارے دنیا کا مقابلہ زراعت‘ انجینئرنگ ‘ طب اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دیں،قوم کو ملالہ یوسفزئی پر فخر ہے انہوں نے تعلیم کیلئے جو علم بلند کیا وہ قوم کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کاکنونشن سنٹر میں فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی راولپنڈی کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب

جمعہ 30 نومبر 2012 16:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔30نومبر 2012ء) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ معاشرے میں توازن پیدا کرنے کیلئے خواتین کو مردوں کے برابر لانا چاہتے ہیں‘ موجودہ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں‘ عورتوں کو زیور تعلیم سے آراستہ نہ کرنا ایک سنگین جرم ہے‘ تعلیمی ادارے زراعت‘ انجینئرنگ ‘ طب اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ دنیا کا مقابلہ کیا جاسکے‘ قوم کو ملالہ یوسفزئی پر فخر ہے انہوں نے تعلیم کیلئے جو علم بلند کیا ہے وہ قوم کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔

وہ جمعہ کو یہاں کنونشن سنٹر میں فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی راولپنڈی کے سالانہ کانووکیشن میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے یونیورسٹی کے چانسلر گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ‘ وائس چانسلر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پی ایچ ڈی کی ایک‘ ایم فیل کی 9‘ ماسٹرز پروگراموں کی 639 اور گریجویشن کے مختلف پروگراموں کی 329 ڈگریاں طلباء و طالبات کو دی گئیں جبکہ پوزیشن ہولڈرز کو گولڈ میڈلز اور انعامات دیئے گئے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کانووکیشن طالبات کی زندگی میں اہم سنگ میل ہے تمام طالبات کو مبارکباد دیتا ہوں‘ حصول علم نہ صرف دنیاوی معاشرتی اور معاشی ضرورت ہے بلکہ ایک اہم مذہبی فریضہ ہے ‘ تعلیم جہالت کے اندھیرے میں روشنی کا مینار ہے اور اچھے اور برے کی تمیز سکھاتا ہے‘ تعلیم انسان کی مخفی جبلت کو جلا بخشتی ہے ایک قوم کے افراد جتنے تعلیم یافتہ اور باصلاحیت ہونگے اس کی ترقی کے احکامات اس قدر زیادہ ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے اور ترقی کے موقع بہت تیزی سے ہمارے سامنے آرہے ہیں آئی ٹی کی حیرت انگیز ترقی کے باعث ہمیں بھی ترقی اور خوشحالی کے راستے تلاش کرنے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح یونیوسٹی نے دنیا کے بہترین اداروں کے ساتھ رابطے استوار کررکھے ہیں یہ ایک تسلی بخش اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کو ریسرچ کی تعلیم دینا خوش آئند ہے‘ اعلیٰ تعلیم انسان کیلئے ترقی اور کامیابی کے وسیع مواقع پیدا کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہمارے تعلیمی داروں کا مقصد نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو قوم کی خدمت اور ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے نکھارنا ہے تاکہ ہمارے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت‘ انجینئرنگ‘ طب اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں اول درجے کے ماہرین پیدا کرنا ترجیح ہونی چاہئے امید ہے کہ نئے کیمپس کی تعمیر سے یونیورسٹی میں نئے شعبوں کا اجراء اور زیادہ طالبات کو داخلے موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو ملالہ یوسفزئی پر فخر ہے انہوں نے تعلیم کیلئے جو علم بلند کیا ہے وہ قوم کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ تعلیمی اداروں کی تعمیر و ترقی کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ انہوں نے کہا قوم کی بیٹیوں کے مستقبل کو سنوارنے اور محفوظ بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے خواتین آبادی کا نصف حصہ ہیں ان کو تعلیم سے محروم کرنا جرم ہے خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کھڑا کرنے کیلئے انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرینگے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی پی پی نے اپنے ہر دور حکومت میں خواتین کی تعلیم و تربیت اور انہیں معاشرے میں نمایاں مقام دلانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید پہلی خاتون تھیں جنہوں نے سیاست میں خواتین کو نمایاں مقام دلوایا موجودہ اسمبلی نے خواتین کے حقوق کے لئے چوبیس بل منظور کئے ‘ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا اجراء کیا‘ خواتین کو مردوں کے برابر لانا چاہتے ہیں تاکہ معاشرے میں برابری اور اس میں توازن پیدا ہوسکے۔