کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر عدالتی فیصلے کو من و عن قبول کیا جائے،مخصوص طبقے کی ہٹ دھرمی کے باعث ملک و قوم کونا قابل تلافی نقصان ہورہا ہے، مشرف کی پالیسیاں ہنوز جاری ہیں، امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر کابیان

ہفتہ 1 دسمبر 2012 15:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔1دسمبر 2012ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر عدالتی فیصلے کو من و عن قبول کیا جائے،مخصوص طبقے کی ہٹ دھرمی کے باعث ملک و قوم کونا قابل تلافی نقصان ہورہا ہے،بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان میں خوشحالی آئے اس لئے وہ اپنے ایجنٹوں کو استعمال کررہا ہے۔

مشرف کی پالیسیاں ہنوز جاری ہیں۔ہفتہ کوجاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عوام کو پیپلز پارٹی کی حکومت نے مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔جب تک امریکی نام نہاد دہشتگردی کی جنگ سے خود کو الگ نہیں کرلیا جاتاامن قائم نہیں ہوسکتا۔امریکی صحافی”کان ہالنیان“کا بیان کہ پاکستان میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں98فیصد بے گناہ لوگ،معصوم بچے اور خواتین ہلاک ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ سے ملکی حالات انتہائی نازک موڑپر پہنچ چکے ہیں۔پورا ملک لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔بے روز گاری کے باعث پڑھے لکھے نوجوان بے راہ روی اور جرائم کی دلدل میں دھنس رہے ہیں۔ملکی تاریخ میں اس وقت کرپٹ ترین حکمران ملک و قوم پر مسلط ہوچکے ہیں۔عوام نے موروثی سیاست دانوں کو مسترد نہ کیا تو ملکی بقاء خطر ے میں پڑ جائے گی۔

ووٹ ایک امانت ہے جسے دیانتدار لوگوں کے حوالے کیا جانا چاہئے۔حکومت وقت کو خلیجی ریاستوں کی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے بد امنی اور انار کی سے بچنے کے لئے منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہوگا۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ فرسودہ نظام کے خاتمے اور ظالم حکمرانوں سے نجات اور معاشرے کی اصلاح کے لئے دینی و مذہبی جماعتوں کو آگے آنا ہوگا۔قوم کو اسلامی جمہوریہ پاکستان میں صرف اور صرف اللہ کا نظام چاہئے۔ملکی معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے۔روٹی،کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے ساڑھے چار برس تک عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیا۔