جماعت اسلامی مسلم لیگ (ن )، تحریک انصاف اور دینی جماعتوں کے ساتھ آئندہ انتخابات کے حوالے سے رابطے میں ہے ، حکمران اتحاد کے سوا باقی سیاسی و دینی جماعتوں کے ساتھ اتحاد و سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے ،تمام آپشنز کھلے ہیں ، حکمران ذرائع ابلاغ کے وسائل استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے مسائل حل ہونے اور معاشی خوشحالی کے جو دعوے عوام کو سنا رہے ہیں، وہ سفید جھوٹ ہیں ، جماعت اسلامی کے کارکنان ذرائع ابلاغ اور عوامی رابطے کے ذریعے حکمرانوں کی لوٹ کھسوٹ ، کرپشن ، ملک و عوام دشمن اقدامات کو ہر فورم پر معاشرے کے تمام طبقات میں اجاگر کریں ،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی پریس کانفرنس

پیر 3 دسمبر 2012 22:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3دسمبر۔ 2012ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی مسلم لیگ ن ، تحریک انصاف اور دینی جماعتوں کے ساتھ آئندہ انتخابات کے حوالے سے رابطے میں ہے ۔ حکمران اتحاد کے سوا باقی سیاسی و دینی جماعتوں کے ساتھ اتحاد و سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے ،اس حوالے سے ہمارے تمام آپشنز کھلے ہیں ۔

حکمران ذرائع ابلاغ کے وسائل استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے مسائل حل ہونے اور معاشی خوشحالی کے جو دعوے عوام کو سنا رہے ہیں، وہ سفید جھوٹ ہیں ۔جماعت اسلامی کے کارکنان ذرائع ابلاغ اور عوامی رابطے کے ذریعے حکمرانوں کی لوٹ کھسوٹ ، کرپشن ، ملک و عوام دشمن اقدامات کو ہر فورم پر معاشرے کے تمام طبقات میں اجاگر کریں ۔

(جاری ہے)

وہ پیر منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

جس میں ملک بھر سے شعبہ تعلقات عامہ اور میڈیا سے وابستہ ناظمین نے شرکت کی۔کانفرنس سے جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری ، امیر العظیم ، شاہد وارثی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ صدر آصف زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے لے کر وفاقی و صوبائی وزراء جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں ۔ موجودہ دور حکومت میں ان حکمرانوں نے کرپشن ، قومی وسائل کی لوٹ کھسوٹ ، اقرباپروری ، امن و امان کی ناکامی ، قومی معیشت کو تباہ کرنے کے سابقہ حکومتوں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں ۔

پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے دور اقتدار میں افراط زر ، مہنگائی ، تجارتی خسارہ میں اضافہ ہواہے ۔ عوام مفلوک الحال جبکہ حکمران اشرافیہ عیش و عشرت کی زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے آئندہ انتخابات کے حوالے سے اپنا ہو م ورک مکمل کر لیاہے ۔ جماعت اسلامی نے سب سے پہلے عوامی فلاحی منشور پیش کیا ہے ، انشاء اللہ جماعت اسلامی برسراقتدار آ کر لوڈشیڈنگ، مہنگائی کا خاتمہ ، یوٹیلٹی بلز پر ناجائز ٹیکسز کا خاتمہ ، پٹرولیم مصنوعات کو سستا کر دے گی ۔