فلپائن،بوپھا نامی سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 250سے زائد ہوگئی ، مزید ہلاکتوں کا خدشہ،40 ہزار سے زائد افراد محفوظ مقام پر منتقل، بجلی اور مواصلات کے نظام درہم برہم،240سے زائد افرادلاپتہ اور زخمی ،مندانا میں سیلابی ریلے سے 43 افراد ہلاک ہوگئے ، کئی فوجی اور سویلین فوجی اڈے میں طوفانی پانی داخل ہونے سے ڈوب گئے، عسکری ذرائع،ہلاک ہونے والوں کی لاشیں سڑکوں پر پڑی ہیں، بیماریاں پھیلنے کاخدشہ ہے ،انسانی حقوق کی تنظیمیں

بدھ 5 دسمبر 2012 17:41

منیلا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔5دسمبر۔ 2012ء) فلپائن شدید سمندری طوفان کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد250سے زائد ہوگئے ، جبکہ 240سے زائد افراد لاپتہ اور زخمی ہیں ،بوپھا نامی طوفان کے نتیجے میں طوفانی بارشوں کے ساتھ ساتھ210 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی بھی چلی۔بدھ کو عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق طوفان اور آندھی کی وجہ سے چالیس ہزار سے زائد افراد کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا۔

سمندری طوفان نے علاقے میں بجلی اور مواصلات کے نظام کو بھی متاثر کیا۔مشرقی مندانا کے علاقے میں انداپ نامی گاوٴں میں طوفان کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلے سے 43 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔سماجی بہبود کی سیکٹری کارزون سولیمان نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان اور لاشوں کے لیے بیگ پہنچائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں نیو باتان کے علاقے میں سڑکوں پر پڑی ہیں اور ہم نہیں چاہتے کہ بیماریاں پھیلنے لگیں۔

واضح رہے کہ فلپائن میں ایک سال پہلے آنے والے واشی نامی طوفان کی وجہ سے پندرہ سو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔فلپائن کے صدر بینینو اکینو نے بوپھا طوفان کے راستے میں آباد افراد پر زور دیا کہ وہ اس طوفان کو سنجیدگی سے لیں۔انہوں نے کہا کہ یہ طوفان بہت شدید ہو سکتا ہے لیکن ہم جانی و مالی نقصان کو ایک دوسرے کی مدد کر کے کم کر سکتے ہیں۔مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ ہلاکتیں درختوں کے نیچے آنے اور ڈوبنے کے نتیجے میں ہوئیں اور ان میں مزید اضافے کے توقع ہے۔فوجی ذرائع کے مطابق کئی فوجی اور سویلین اس وقت بہہ گئے جب ان کے فوجی اڈے میں طوفانی پانی داخل ہوا اور وہ اس کی لپیٹ میں آ کر ڈوب گئے۔ماہرین موسمیات کے مطابق اب طوفان ملک کے جنوبی اور وسطی صوبوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔