پاکستانی معاشرے کے کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود ، تعلیم اور صحت کی سہولتیں بہم پہنچانے کے ساتھ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی وابستگی اور کردار قابل ستائش ہے ، یونیسکو اور یونیسف کا پاکستان بالخصوص فاٹا کے علاقہ میں مستقبل کے سماجی و معاشی اقدامات کے لئے پروگرام کے مرتب کردہ اعدادوشمار سے استفادہ کرنے پر آمادگی کا اظہار ،وفاقی وزیر و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ سے اقوام متحدہ کے یونیسکو اور یونیسف کے اعلیٰ حکام کی ملاقات

بدھ 5 دسمبر 2012 20:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔5دسمبر۔ 2012ء) اقوام متحدہ کے دو بڑے اداروں یونیسکو اور یونیسف کے اعلیٰ حکام نے وفاقی وزیر و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ سے بدھ کو یہاں علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور پاکستان میں معاشرے کے کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود ، تعلیم اور صحت کی سہولتیں بہم پہنچانے کے ساتھ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی) کی وابستگی اور کردار کو قابل ستائش قرار دیا ، دونوں اداروں نے پاکستان میں اور بالخصوص فاٹا کے علاقہ میں اپنے مستقبل کے سماجی و معاشی اقدامات کے لئے پروگرام کے مرتب کردہ اعدادوشمار سے استفادہ کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔

فرزانہ راجہ کی پاکستان میں یونیسکو کے نمائندہ ڈاکٹر کوزیو کے ساتھ ملاقات کے دوران تعلیم اور خصوصاً معاشرے کے نچلے طبقات میں بچوں کی تعلیم کے ضمن میں اشتراک عمل توجہ کا مرکز رہا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر کوزیو نے بی آئی ایس پی کی طرف سے وسیلہ تعلیم کے ذریعہ فروغ تعلیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یونیسکو بی آئی ایس پی کے اعدادوشمار سے مستفید ہونے کیلئے تیار ہے جنہیں تعلیم اور غربت کے حوالہ سے مشترکہ منصوبوں کے لئے استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی ایک شفاف ادارہ ہے جس نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں موثر اقدامات کئے ہیں اور آئندہ برسوں میں ان کے زبردست نتائج سامنے آئیں گے۔ فرزانہ راجہ کے ساتھ ملاقات کے دوران پاکستان میں یونیسف کے نمائندہ ڈین روہرمن نے بی آئی ایس پی کے اعدادوشمار کے موثر ہونے کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کے ان کا ادارہ پاکستان میں بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف منصوبوں کے حوالہ سے ان اعدادوشمار سے پہلے ہی مستفید ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے اقدامات سے بچے بھی مستفید ہو رہے ہیں اور یہ پہلو پاکستان میں خواتین کے ساتھ ساتھ ان کی بااختیار میں بھی کردار ادا کر رہا ہے۔اقوام متحدہ کے ان حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران فرزانہ راجہ نے واضح کیا کہ بی آئی ایس پی اقوام متحدہ کے ہزاریئے کے اہداف (ایم ڈی جیز) کی مناسبت سے غریب عوام کی سماجی و معاشی بہتری کے لئے مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی نے گھر کی خواتین ، نوجوانوں اور بچوں کی بااختیاری کے ذریعہ مستحق خاندانوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں بہم پہنچانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے یونیسکو اور یونیسف دونوں اداروں کو پاکستان میں فلاحی پروگراموں کے حوالے سے ہر ممکن معاونت بہم پہنچانے پر آمادگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بی آئی ایس پی اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کار کے مختلف امکانات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی شریک کار اداروں کی معاونت سے بی آئی ایس پی کی کاوشوں کو مزید تقویت دی جا سکتی ہے۔