خطے میں تاریخ کی بدترین خونریزی کی ذمہ دار عوامی نیشنل پارٹی ہے،صدر زرداری اور موجود ہ سینٹ نئی حکومت کیلئے قانون سازی میں حائل نہیں ہو سکیں گے ،قومی اتفاق و اتحاد اور صحیح قیادت کے ذریعے امریکہ سے جان چھڑا سکتے ہیں، عوامی نیشنل پارٹی کے عہدیدار اور کارکن ٹھیکدار بن گئے،قومی وطن پارٹی مظلوم اور پسے ہوئے طبقے کیلئے ایک بڑی پلیٹ فارم ثابت ہوگی،قومی وطن پارٹی کے چےئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ کاجلسہ سے خطاب

جمعرات 6 دسمبر 2012 19:37

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔6دسمبر۔ 2012ء) قومی وطن پارٹی کے چےئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ خطے میں تاریخ کی بدترین خونریزی کے ذمہ دار عوامی نیشنل پارٹی ہے،صدر زرداری اور موجود ہ سینٹ نئی حکومت کیلئے قانون سازی میں حائل نہیں ہو سکے گی ،قومی اتفاق و اتحاد اور صحیح قیادت کے ذریعے امریکہ سے جان چھڑا سکتے ہیں، عوامی نیشنل پارٹی کے عہدیدار اور کارکن ٹھیکدار بن گئے،قومی وطن پارٹی مظلوم اور پسے ہوئے طبقے کیلئے ایک بڑی پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار قومی وطن پارٹی کے چےئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے رحیمہ میں ایک بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اے این پی کے سرکردہ کارکنوں اور عہدیداروں میاں آصف شاہ کاکاخیل،شاکر خان ولد خدائی خدمت گار مرحوم محمد علی خان وردگہ،میاں عابد شاہ،نیاز محمد،حامد اللہ،عالم خان ،میاں جنید شاہ،میاں عبدالقادر اور جماعت اسلامی یونین کونسل رجڑ کے سابقہ کونسلر عبادالرحمٰن نے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کی۔

(جاری ہے)

آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے امن اور اور پختون قوم کی ترقی کے نعرے پر قوم سے ووٹ لیا مگر اقتدار میں آکر سارے وعدے بھول گئے اور پختون قوم کو دہشت گردی کے سیلاب میں پھینک دیا ۔ اے این پی کی قیادت اب قوم کو منہ دکھانے کی لائق نہیں۔ باچا خان اور ولی خان کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پختون قوم کے حقوق کے لئے اُن اُنہو ں نے بڑی قربانیاں دی مگر موجودہ عومی نیشنل پارٹی اپنے اکابر کی سیاست چھوڑ کر ڈالروں کی سیاست شروع کی ۔

انہوں نے مردان میں اربوں روپے کی ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کہاکہ اس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں مگر ان منصوبوں میں بڑے پیمانے پر جو کرپشن ہوئی قومی وطن پارٹی اس کا احتساب چاہتی ہے۔اُنہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی کے عہدیدا ر اور کارکن باچاخان کے فلسفہ کو چھوڑ کر خدمتگار کی بجائے ٹھیکدار بن گئے ۔امریکی اتحاداور خارجہ پالیسی کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ صحیح قیادت اور قوم کے اتفاق و اتحاد سے امریکی اتحا دکے بغیر بھی پاکستان قائم و دائم رہ سکتا ہے ۔

موجودہ حکومت کا سب سے بڑ اکارنامہ تاریخ کی بدترین او ر ریکارڈ کرپشن ہے ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اندرونی اور بیرونی سطح پر غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے جو کہ ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ آفتا ب احمد خان شیر پاؤ نے کہاکہ میں نے تمام سیاسی پارٹیوں اور چھوٹے گروپوں کو خیر سگالی کا ہاتھ بڑا کر ایک پلیٹ فارم سے جدو جہد کی اپیل کی تاکہ ایک آواز بن کر قوم کی محرومیوں کاازالہ کیا جا سکے۔

اُنہو ں نے کہا کہ سوات اپریشن کے دوران لاکھوں لوگ اپنی ہی ملک میں مہاجر بن گئے جبکہ اب قبائلی علاقوں میں اپریشن کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے ۔ موجود ہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عالمی دنیا میں پختونوں کو دہشت گر د سمجھا جا تا ہے جبکہ پختون امن پسند قوم ہے ۔ اُنہو ں نے واضح کیا کہ پورے ملک میں قومی وطن پارٹی کو زبردست پذیر ائی مل رہی ہے اور بلوچستان سمیت پاکستان بھر کے پختون ، کسان ،محنت کش اور مظلوم طبقات کی نظریں قومی وطن پارٹی پر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر غیر سیاسی لوگوں پر مشتمل نگران سیٹ اپ کا اعلان کریں تاکہ قوم اپنے نمائندے منتخب کر سکیں ۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ دار ی ہے کہ ساز گار ماحول پیدا کرکے شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن بنا سکے۔ا س موقع پر قومی وطن پارٹی کے رہنماء سکندر حیات خان شیرپاؤ، سلیم خان ایڈووکیٹ ،ہاشم خان،فقیر حسین لالا،عالمزیب خان،عثمان خلیل ،مسعود جبار،ڈاکٹر عالم،رشید خان ،اعجاز ہوتی،شاہ ایران باچہ،ہمایون خلجی ،مفتی افتخار ،سلطان خان ایڈووکیٹ،ارشدخان عمرزئی،حامد خان ترنگزئی ،جاوید حسین خان اور خورشید خان بھی موجود تھے۔