چیئرمین سینیٹ نیئرحسین بخاری کی بھارتی وزیراعظم ،لو ک سبھا کی سپیکر اور وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقا ت،دوطرفہ تعلقات اورپاک بھارت مذاکرات سمیت مختلف امورپرتبادلہ خیال، بھارت مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتاہے،پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو فروغ ملے گا ،دونوں ملکوں کے مابین مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں،منموہن سنگھ، پاکستان بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے،خطے میں امن وترقی کیلئے دونوں ممالک کومل کرکام کرنا ہوگا، نیئر بخاری

جمعہ 7 دسمبر 2012 17:01

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔7دسمبر 2012ء ) چیئرمین سینیٹ نیئرحسین بخاری نے بھارتی وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ،لوک سبھا کی سپیکر میرا کمار اور وزیر خارجہ سلمان خورشید سے الگ الگ ملاقا ت کی۔ جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اورپاک بھارت مذاکرات سمیت مختلف امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔نئی دہلی میں ہونے والی ملاقاتوں میں پاکستان کا7رکنی پارلیمانی وفد بھی شریک تھا ۔

اس موقع پر ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے پاکستانی قیادت اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام من موہن سنگھ کو پہنچایا۔اس موقع پر پاکستانی پارلیمانی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے کہاکہ بھارت مضبوط ،مستحکم اور خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتاہے اور انہیں خوشی ہے کہ پاکستان میں جمہوریت فروغ پا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو فروغ ملے گا پاکستانی وفد کا دورہ اس سلسلے میں اہم پیش رفت ہے،بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت اور پاکستان پڑوسی ملک ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی تہذیب ، تاریخ اور ثقافت مشترک ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔ اس موقع پرچیئرمین سینیٹ سیدنیئرحسین بخاری نے کہاکہ پاکستان کی جمہوری حکومت بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور ایک مستحکم اور خوشحال پڑوسی کو اولین ترجیح دیتا ہے۔

انہوں نے کہا بھارت کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے سلسلے میں قومی ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ سیدنیئرحسین بخاری نے کہا کہ خطے میں امن وترقی کیلئے دونوں ممالک کومل کرکام کرنا ہوگا، دونوں ممالک کے پارلیمینٹرینز کی ذمہ داری ہے کہ وہ دوطرفہ تعلقات کی بہتری کیلئے مشترکہ کوششیں کریں ۔ بھارتی لوک سبھا کی سپیکر میرا کمار سے ملاقات میں چیئرمین سینیٹ سیدنیئرحسین بخاری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستی کے بندھن میں بندھنے اور دونون اطراف کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلے ضروری ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات میں نیئرحسین بخاری نے کہا کہ پاکستان مذاکرات ک ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔ بعد ازاں چیئرمین سینیٹ نے بھارتی کونسل برائے ثقافتی تعلقات ڈاکٹر کرن سنگھ سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس اور بھارتی کونسل افار کلچرل ریلیشنز کے درمیان مفاہمتی یادشات کے نفاذ جس پررواں سال ستمبر میں وزراء خارجہ کی سطح پر مذاکرات کے دوران دستخط کئے گئے ہیں اور مزید ثقافت کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔