آبادی کا نصف سے زائد خواتین پر مشتمل ہے جو تعلیم،صحت،انجینئرنگ، بینکنگ اور دیگر شعبوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہیں،خواتین کو بااختیار بنا کر ہی ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیاجاسکتاہے،خوددار ، خوشحال اور خودمختار پاکستان ہمارا نصب العین ہے، پارٹی میں پروفیشنل ونگ کو پوری طرح متحرک کیاجائے گا، سیاستدانوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا مسلم لیگ (ن) کے پروفیشنل ونگ کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 7 دسمبر 2012 18:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔7دسمبر۔ 2012ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری آبادی کا نصف سے زائد خواتین پر مشتمل ہے جو تعلیم،صحت،انجینئرنگ، بینکنگ اور دیگر شعبوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہیں۔ خواتین کو بااختیار بنا کر ہی ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیاجاسکتاہے۔ پنجاب حکومت نے خواتین کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پروفیشنل ونگ کوبھی پوری طرح فعال بنایاجائے گا اور اس پروفیشنل ونگ میں مرد اورخواتین پروفیشنلز کو شامل کیاجائے گا۔وہ جمعہ کو یہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پروفیشنل ونگ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے جنرل سیکرٹری راجہ اشفاق سرور،مسلم لیگی رہنما کمال احمد اور مختلف شعبوں سے وابستہ پروفیشنل خواتین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مہوش ملک اور سائرہ افتخار نے پروفیشنل ونگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خوددار ، خوشحال اور خودمختار پاکستان ہمارا نصب العین ہے اور میاں محمدنواز شریف کی قیادت میں ہم یہ منزل ضرور حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پاس ویژنری قیادت موجود ہے جو ملک کو اقتصادی و معاشی طور پر مستحکم بنانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی ترقی اورخوشحالی کے لئے ٹھوس پالیسیاں رکھتی ہے اورآئندہ عام انتخابات کے نتیجے میں پارٹی کامیاب ہوکراپنی ان پالیسیوں کو عملی جامہ پہنائے گی۔انہوں نے کہاکہ تعلیم، صحت، زراعت، توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دیئے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جاسکتے،اسی لئے پنجاب حکومت نے ان شعبوں کی بہتری کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھاہے۔

تعلیم، صحت‘ زراعت اور سماجی ترقی کے دیگر شعبوں کی بہتری کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی میں پروفیشنل ونگ کو پوری طرح متحرک کیاجائے گا۔اس مقصد کے لئے سیاستدانوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اس حوالے سے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کرے گی۔ اجلاس کی شرکاء پروفیشنل خواتین نے پنجاب حکومت کے فلاحی اقدامات پر شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ یوتھ فیسٹیول کا انعقاد اور نوجوانوں میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پروگرام انتہائی مستحسن اقدام ہے جن سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بھرپور موقع ملے گا اور ان میں مسابقت کا جذبہ پیدا ہوگا۔