کسی ملک کے خلاف نفرت نہیں رکھتے ، میرے بیٹے کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک سے پاک بھارت تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں، کسی نے بھی ہم سے رابطہ نہیں، میرا بیٹا میرا سرمایہ اور میرا سہارا ہے، قوم اس کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرے، پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی کے والد افتخار عباسی کی خبر رساں ادارے سے گفتگو

ہفتہ 8 دسمبر 2012 19:53

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔8دسمبر۔ 2012ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی کے والد افتخار عباسی نے کہا ہے کہ ہم کسی ملک کے خلاف نفرت نہیں رکھتے لیکن میرے بیٹے کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک سے پاک بھارت تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔ ہفتہ کو یہاں” آئی این پی “ سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار عباسی نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ صبح کا واقعہ ہے اور ابھی تک کسی نے ہم سے رابطہ نہیں کیا۔

ہمیں صرف میڈیا سے معلومات مل رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں میرے بیٹے کی جان کو خطرہ ہے لہٰذا اسے علاج کیلئے کسی دوسرے ملک بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا قومی ٹیم کا کپتان ہے۔ پی سی بی، بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن اور کسی حکومتی نمائندہ نے ہمیں حوصلہ تک نہیں دیا اور نہ ہی کسی قسم کا تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا میرا سرمایہ ہے اور میرا سہارا ہے قوم اس کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرے تاکہ وہ قوم کو جیت کا تحفہ دے سکے۔

افتخار عباسی نے کہا کہ میری ذیشان عباسی سے ٹیلی فون پر مختصر بات چیت ہوئی ہے وہ پہلے سے بہتر ہے قوم سے اپیل ہے کہ اس کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرے۔ اس موقع پر ذیشان عباسی کی والدہ کے علاوہ ان کے بھائی عباسی اور ارسلان عباسی بھی موجود تھے۔