صدر مشرف کے ویژن اور رہنمائی میں ملک ترقی کے نئے دور میں داخل ہوچکا ہے ۔چوہدری پرویز الٰہی ۔صوبے کے بنیادی مراکز صحت عوام کو علاج معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے فعال کردار ادا کررہے ہیں

جمعرات 25 جنوری 2007 19:03

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25جنوری2007 ) وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ صدر پرویز مشرف کے ویژن اور رہنمائی میں اقتصادی‘ انتظامی اور سیاسی اصلاحات کی بدولت ملک ترقی کے نئے دور میں داخل ہوچکا ہے۔ہیلتھ ریفارمز پروگرام کی بدولت صوبے کے بنیادی مراکز صحت عوام کو علاج معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے فعال کردار ادا کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان وزیر اعلی میں گجرات سے تعلق رکھنے والے یونین کونسلوں کے ناظمین ‘ نائب ناظمین اور کونسلروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود ‘ ضلع ناظم گجرات چوہدری شفاعت حسین ‘ رکن قومی اسمبلی چوہدری وجاہت حسین ‘ رکن صوبائی اسمبلی اصغر علی گھرال اور سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں ہارون مسعود بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اصلاحات کے پروگرام سے عوام کو بہتر تعلیمی سہولیات مہیا ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیسوں کی معافی، درسی کتب کی مفت تقسیم اور سکولوں میں سہولیات کی فراہمی سے لوگوں میں اپنے بچوں کوسکول بھجوانے کا رحجان بڑھ رہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پرائمری ایجوکیشن کے نظام کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ کالجوں میں بھی ضروری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چوہدری ظہور الٰہی شہید کے عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔چوہدری ظہور الٰہی شہید نے عوامی حدمت کی جن شاندار روایات کا آغاز کیا تھا اس کی بدولت وہ آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہماری پالیسیوں اور اقدامات کی بدولت صوبے میں روزگار کی فراہمی کا عمل تیز ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں سوئی گیس،سڑکیں ،سکول اور دیگر سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومتوں کے نظام کو مضبوط اور مستحکم بنانا پاکستان مسلم لیگ کی حکومت کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کی بدولت ہی اختیارات کی منتقلی نچلی سطح پر ہوئی ہے جس سے لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر ہی حل ہورہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :