زرداری نے رکن اسمبلی عظمیٰ بخاری ‘ سمیع اللہ خان ‘شاہ جہاں بھٹی کے پارٹی چھوڑنے کی اطلاعات کا نوٹس لے لیا،وزیراعظم اور فریال تالپور کوناراض رہنماؤں سے فوری رابطہ کرکے پارٹی چھوڑنے سے روکنے کی ہدایت‘وسطیٰ پنجاب کے صدر منظور احمد وٹو نے ناراض رہنماؤں کو منانے کی کوششیں شروع کر دیں‘ پیپلزپارٹی کے ذرائع کا دعویٰ

پیر 10 دسمبر 2012 15:33

لاہور/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔10دسمبر 2012ء) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین صدر آصف علی زرداری نے پارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ زاہد بخاری ان کے شوہر اور سابق صوبائی سیکرٹری جنرل سمیع اللہ خان اور رکن پنجاب اسمبلی شاہ جہاں بھٹی کے ناراض ہو کر پارٹی چھوڑنے کی اطلاعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور فریال تالپور کومتعلقہ ناراض رہنماؤں سے فوری رابطہ کرنے اور ان کو پارٹی چھوڑنے سے روکنے کی ہدایت کردی ‘وسطیٰ پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے بھی ناراض رہنماؤں کو منانے کی کوششیں شروع کر دیں۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے ذمہ دارذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کو غیر ملکی دورہ کے دوران پنجاب میں پیدا ہونے والے پارٹی معاملات کے حوالے سے صوبائی قیادت نے آگاہ کیا ہے جس پر صدر آصف علی زرداری نے سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور فریال تالپور کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود ناراض اراکین سے رابطہ کریں اور ان کے جوبھی جائز تحفظات ہیں ان کو فوری طورپر دور کرکے انہیں پارٹی چھوڑنے سے ہر صورت روکا جائے جبکہ دوسری طرف میاں منظور احمد وٹو نے بھی سوموار کے روز ناراض اراکین سے رابطے کئے ہیں اور ان کو منانے کی کوششیں جاری ہیں۔