موجودہ مخلوط حکومت نے صوبے میں صحت ، تعلیم،زراعت ، صنعت ا ور تجارت کے فروغ کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہے ،بزنس کمیونٹی قوم کی معاشی اور معاشرتی حالت سدھارنے کے لئے آگے آئے اور اپنے وسائل و صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں استعمال میں لاکر ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے، موجودہ حکومت انہیں مکمل تحفظ دے گی،صوبائی وزیر اوقاف ،حج و مذہبی امور نمروز خان کاتقریب سے خطاب

پیر 10 دسمبر 2012 20:11

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔10دسمبر۔ 2012ء) صوبائی وزیر اوقاف ،حج و مذہبی امور نمروز خان نے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط حکومت نے صوبے میں صحت ، تعلیم،زراعت ، صنعت ا ور تجارت کے فروغ کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہے بزنس کمیونٹی قوم کی معاشی اور معاشرتی حالت سدھارنے کے لئے آگے آئے اور اپنے وسائل و صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں استعمال میں لاکر ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے موجودہ حکومت انہیں مکمل تحفظ دے گی۔

وہ ڈینز ٹریڈ سنٹر پشاور میں کراؤن ایجوکیشن کنسلٹنٹ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی ملک حیات خان اورانور خان سمیت معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کراؤن ایجوکیشن کنسلٹنٹ کے مینجنگ ڈائریکٹر انور اکبر خان نے ادارے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کرون ایجوکیشن کنسلٹنٹ کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ نئی نسل کا مستقبل سنوارنے کے لئے مخلصانہ کوششیں کریں تاکہ یہ ادارہ دیگر اداروں کے لئے ایک مثال ثابت ہو۔

وزیر اوقاف نے اس امر پر افسوس کااظہارکیا کہ تعلیم کی غرض سے بیرون ملک بھیجنے والے بعض مشاورتی ادارے محض پیسہ بنانے کی مشین ہیں جو نئی نسل کا مستقبل سنوارنے کی بجائے ان کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں جو ایک قابل مذمت فعل ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک کو بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے انہوں نے کہاکہ دہشت گردی ،جہالت اور بے روزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح کا انہیں بخوبی احساس ہے جس سے بزنس کمیونٹی بھی متاثر ہوئی ہے مگر ہماری کوششیں جاری ہیں اور ٹھوس و حقیقت پسندانہ اقدامات کے ذریعے سماجی برائیوں کے خاتمے اور تجارتی سرگرمیوں کی راہ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواقدرتی وسائل سے مالا مال ہے حکومت زراعت،جنگلات اور صنعت کے میدان میں نوجوانوں کو ترقی کے بھرپور مواقع فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ”ستوری دا پختونخوا“ اور ہنر مند سکیموں کیلئے اربوں روپے جاری کئے ہیں۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے کراؤن ایجوکیشن کنلسٹنٹ کی برانچ کا افتتاح کیا۔