ملک میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 97 ہزار تک پہنچ گئی ہے ، وفاقی دارالحکومت میں 19 ہزار کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں، مختلف ممالک سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کا ایئرپورٹس پر ایڈز ٹیسٹ کا کوئی انتظام نہیں،وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میر ہزار خان بجارانی کا ارکان قومی اسمبلی کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب

پیر 10 دسمبر 2012 22:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔10دسمبر۔ 2012ء) قومی اسمبلی کو وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میر ہزار خان بجارانی نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں ایڈز کے مریضوآں کی تعداد ایک سروے کے مطابق 97 ہزار 500 تک پہنچ گئی ہے ، صرف وفاقی دارالحکومت میں 19 ہزار 500 ایڈز کے کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں، مختلف ممالک سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کا ایئرپورٹس پر ایڈز ٹیسٹ کرانے کا کوئی انتظام موجود نہیں۔

وہ پیر کو ارکان اسمبلی یاسمین رحمن ، نواب عبدالغنی تالپور ،شمشاد ستار بچانی ، عذرا فضل اور ڈاکٹر طلعت مہیر کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کل6 ہزازر سے زائد ایڈز کے کیسز رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے 3 ہزار سے زائد مریضوں کو ویکسین فراہم کی گئی اور ان کا علاج کیاگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایڈز پروگرام کا 95 فیصد بجٹ غیر ملکی ڈونرز فراہم کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہونے والے ایڈز کے تمام مریضوں کا تعلق اسلام آباد سے نہیں بلکہ ان کی اکثریت کا تعلق کے پی کے ، آزاد کشمیر اور پنجاب کے قریبی دیہات سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ اعداد و شمار خطرے کی نشانی نہیں بلکہ ہم اس مرض کی روک تھام کے موثر انتظامات اور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس مرض کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں بلکہ ویکسین اور ادویات کے ذریعے مریض کی قوت مدافعت کو مضبوط بنایاجاتا ہے۔

بعض علاج کرانیوالے مریضوں نے 15 سے 20 سال تک اس مرض کا مقابلہ کیا اور زندہ رہے۔ انہوں نے کہاکہ سمندر پار سے ڈی پورٹ ہونے والے تمام پاکستانیوں کا ایئر پورٹس پر چیک اپ ممکن نہیں ہاں اگر کوئی رضا کارانہ ٹیسٹ کروانا چاہے تو اس کا انتظام موجود ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں ڈسپوزل سرنجوں کے استعمال کو عام کیا جارہاہے اور ایڈذ کے خلاف حفاظتی اقدامات کی تشہیر کے ذریعے عوام کو مرض سے بچانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔