شعبہ صحت کی ترقی کیلئے اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 25 دسمبر سے طبی سہولیات کی فراہمی شروع کر دے گا،غریب مریضوں کا علاج بالکل مفت کیا جائے گا‘ ہسپتال خودمختار ادارے کے طور پر چلایا جائے گا،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

منگل 11 دسمبر 2012 19:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11دسمبر۔ 2012ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 25 دسمبر سے طبی سہولیات کی فراہمی شروع کر دے گا۔منگل کو وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور شعبہ صحت کے دیگر منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق ، ایم این اے حنیف عباسی ،چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات ،سیکرٹریز خزانہ وصحت، کمشنر راولپنڈی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے کی ترقی اور طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے۔ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 25 دسمبر سے طبی سہولیات کی فراہمی شروع کر دے گا۔اس ہسپتال میں غریب مریضوں کا علاج بالکل مفت کیا جائے گا۔ ہسپتال خودمختار ادارے کے طور پر چلایا جائے گا۔اس حوالے سے ضروری قانون سازی بھی ہو گی۔