عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں، سٹیٹ آف دی آرٹ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 25دسمبر سے امراض قلب میں مبتلا افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی شروع کر دے گا، ہسپتال کو خود مختار ادارے کے طور پر چلایا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا شعبہ صحت کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس سے خطاب

منگل 11 دسمبر 2012 19:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11دسمبر۔ 2012ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے کی ترقی اور طبی سہولیات کی بہتری پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے۔ عوام کو جدید طبی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کے لئے صحت کے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ صوبے بھر میں نئے ہسپتالوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

سٹیٹ آف دی آرٹ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 25دسمبر سے دل کے امراض میں مبتلا افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی شروع کردے گا۔ اس ہسپتال سے راولپنڈی کے علاوہ آزاد کشمیر سمیت دیگر صوبوں کے مریض بھی فائدہ اٹھائیں گے۔ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں غریب مریضوں کا علاج بالکل مفت کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ یہاں راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور شعبہ صحت کے دیگر منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

معاون خصوصی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق ،ممبر قومی اسمبلی حنیف عباسی ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، سیکرٹریز صحت، خزانہ ، کمشنر راولپنڈی ڈویژن ، ایم ایس راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے اجلاس میں شرکت کی۔ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اظہر محمود کیانی نے زیرتکمیل منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ صحت کے منصوبوں کیلئے ریکارڈ فنڈز کا اجراء کیا گیا ہے۔ ہسپتالوں میں کم وسیلہ مریضوں کو اربوں روپے کی مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ راولپنڈی میں امراض قلب کاسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنایا گیا ہے جس کا مقصد دل کے مریضوں کو علاج کی جدید سہولیات مہیا کرنا ہیں۔

ہسپتال کو خود مختار ادارے کے طور پر چلایا جائے گا، اس ضمن میں ضروری قانون سازی بھی کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے معاون خصوصی خواجہ سلمان رفیق کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہاکہ یہ کمیٹی ہسپتال کی خودمختاری کیلئے مسودہ قانون تیار کرے گی ، ہسپتال کے لئے ضروری پوسٹوں اور دیگر انتظامی و مالی امور کے حوالے سے سفارشات مرتب کر کے پیش کرے گی اور اس کمیٹی کی سفارشات پر پوری طرح عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہسپتال میں نرسنگ ہوسٹل کے قیام اور دیگر سہولتوں کے لئے فنڈز بھی فوری طور پر فراہم کئے جا رہے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے ہسپتال کے انتظامی و مالی امور کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتا ل کے لئے طبی آلات اور مشینری پہنچ چکی ہے جسے 15دسمبر تک نصب کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ صفائی اور سکیورٹی کے نظام کو آؤٹ سورس کیا گیا ہے اور اس ہسپتال کو لند ن چلڈرن یونیورسٹی، ٹیچنگ ہسپتال اور دیگر اداروں کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ ہسپتال کے سٹاف کو ان اداروں سے تربیت دلائی جائے گی۔