پاکستان سے اہم شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے،امریکہ توانائی ، معیشت ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے، امریکی عوام یو ایس ایڈ کے ذریعے پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مدد فراہم کرتی رہے گی، پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن کاکراچی کے جناح ہسپتال میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے بننے والے گائنی وارڈکی افتتاحی تقریب سے خطاب میڈیا سے گفتگو

منگل 11 دسمبر 2012 21:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11دسمبر۔ 2012ء) پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پاکستان سے تعاون ختم نہیں کیا جائے گا،امریکہ توانائی ، معیشت ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے۔منگل کو کراچی میں جناح ہسپتال میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے قائم کردہ ساٹھ بستروں پر مشتمل گائنی وارڈکی افتتاحی تقریب سے خطاب اوربعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رچرڈ اولسن نے کہا کہ امریکہ توانائی اور معیشت سمیت مختلف منصوبوں پر پاکستان میں کام کر رہا ہے اور پاکستان کے ساتھ توانائی اور معیشت سمیت دیگر اہم شعبوں میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔

یو ایس ایڈ کے تعاون سے بنانے والے اس وارڈ پر 45 لاکھ امریکی ڈالر کی لاگت آئی، 45 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے گائنی وارڈ میں ساٹھ بستروں کی گنجائش موجود ہے۔

(جاری ہے)

وارڈ کو عصر حاضر کی جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی عوام یو ایس ایڈ کے ذریعے پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مدد فراہم کرتی رہے گی۔ زچہ و بچہ وارڈ سے سندھ اور بلوچستان کے عوام فائدہ اٹھاسکیں گے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے امریکی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جناح اسپتال میں سالانہ زچگی کے ایک لاکھ بیس ہزار کیسز نمٹائے جاتے ہیں جبکہ ڈیلیوری کیسز کی تعداد بھی چھ ہزار سے بڑھ کر سولہ ہزار ہوگئی ہے۔ وارڈ کے قیام سے جناح اسپتال کی گنجائش میں بھی اضافہ ہوگا۔