Live Updates

تبدیلی کا سونامی سیاسی وڈیروں ، لٹیروں کو بہا لے جائے گا،نئے پاکستان میں نواز شریف اور زرداری کی کوئی جگہ نہیں، نواز شریف نالائق طالبعلم کی طرح تحریک انصاف کے ہر نعرے کی نقل کرتے ہیں ، شہباز شریف روزانہ نیا شو عوام کو دکھاتے ہیں ،رائے ونڈ کے مغل اعظم کے خاندان کی حفاظت پر 1260 پولیس اہلکار تعینات ہیں، برطانوی ملکہ کی حفاظت صرف 20 پولیس والے کرتے ہیں ،اقتدارمیں آکر امیر اور غریب کیلئے ایک نظام قائم ، تھانے کچہری کی سیاست کا خاتمہ کردینگے ، بینظیر کے قاتلوں کو کٹہرے میں لائیں گے ، غریبوں کوتعلیم اور صحت کی سہولتیں دینگے ،نوجوانوں نے لیپ ٹاپ پنجاب حکومت سے لیکر ووٹ پی ٹی آئی کو دینے کافیصلہ کرلیا، انصاف سٹودنٹس فیڈریشن کے نوجوان شہر شہر، گاوٴں گاوٴں پھیل کر معاشی اور معاشرتی انقلاب کا پیغام لوگوں تک پہنچائیں ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا لودھراں،کہروڑ پکا، دھنوٹ اورگیلے وال میں عوامی اجتماع سے خطاب

منگل 11 دسمبر 2012 21:29

لودھراں/کہروڑ پکا/ دھنوٹ/ گیلے وال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11دسمبر۔ 2012ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تبدیلی کا سونامی سیاسی وڈیروں اور لٹیروں کو بہا لے جائے گا،نئے پاکستان میں نواز شریف اور زرداری کی کوئی جگہ نہیں، نواز شریف نالائق طالبعلم کی طرح تحریک انصاف کے ہر نعرے کی نقل کرتے ہیں ،اقتدارمیں آکر امیر اور غریب کیلئے ایک نظام قائم ، تھانے کچہری کی سیاست کا خاتمہ کردینگے ، بینظیر کے قاتلوں کو کٹہرے میں لائیں گے ، غریبوں کوتعلیم اور صحت کی سہولتیں دینگے تاکہ غریب کی اولادبھی وزیر اعظم بن سکے،نوجوانوں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ لیپ ٹاپ پنجاب حکومت سے لیکر ووٹ پی ٹی آئی کو دینگے، انصاف سٹودنٹس فیڈریشن کے نوجوان شہر شہر، گاوٴں گاوٴں پھیل کر معاشی اور معاشرتی انقلاب کا پیغام لوگوں تک پہنچائیں ۔

(جاری ہے)

وہ منگل کوعوامی رابطہ مہم کے پہلے روزلودھراں،کہروڑ پکا، دھنوٹ اورگیلے وال میں بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی، وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین ، شفقت محموداور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے 25سال پنجاب پر حکومت کی، دو بار وزیر اعظم رہے مگر کوئی تبدیلی نہیں لا سکے،اب نیا پاکستان کیا بنائیں گے؟ 25سال کی حکمرانی میں نواز شریف نے پنجاب تباہ کر ڈالا، پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کا نظریہ کرسی کا حصول اور مال بنانے کا ایجنڈا ہے عوام کے معاشی قتل میں پیپلز پارٹی اور نوازلیگ شریک ہیں، نواز ، زرداری اتحاد پانچ سال سے چل رہا ہے، تحریک انصاف کے نئے پاکستان میں نواز، زرداری کی جگہ نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف نالائق طابعلم کی طرح تحریک انصاف کے ہر نعرے کی نقل کرتے ہیں تحریک انصاف کے نئے پاکستان کے نعرے کی نقل میں نیا پاکستان بنانے کی بات کررہے ہیں، وہ نیا پاکستان کیا بنائیں گے پہلے وہ اپنا رویہ بدلیں اور اپنے بیرون ملک اثاثے اور اولاد پاکستان میں واپس لائیں، ملکہ برطانیہ کیلئے 20گارڈز ہیں جبکہ شریف خاندان کیلئے 1260پولیس اہلکار مامور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف رائیونڈ کے مغل اعظم ہیں وہ اپنے اور اپنے خاندان کے اثاثے اور انکم ٹیکس کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کریں ۔عمران خان نے کہا کہ نواز لیگ نے پانچ بار پنجاب پر حکمرانی کی مگر پنجاب کے کسانوں کو تباہ کیا، نوجوانوں کو بیروزگار کیا، اور ظلم کے نظام کو بجائے ختم کرنے اور بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ میا ں نواز شریف نے پانچ سال تک آصف علی زرداری کی حکومت کو سہارا دیا اور اب باری لینے کیلئے نیا پاکستان بنانے کا نعرہ لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اب دونوں بھائیوں کی اصلیت سے آگاہ ہوچکے ہیں اور مزید یہ نورا کشتی نہیں چلنے دینگے،شوباز شریف سمجھتے ہیں کہ 22کلومیٹر لمبی ایک سڑک پر 70ارب روپے لگا کر وہ عوام کو بیوقوف بنا سکتے ہیں،انکا دور ختم ہوچکا، تحریک انصاف کا سونامی آچکاہے جو پرانے سیاسی مگرمچھوں کو بہا لے جائیگا۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف تھانے، کچہری ، پٹواری کے ظلم کا نظام ختم کرکے عوام کو تھانوں کا نگران بنا ئے گی اور ایم ان اے اور ایم پی اے کی تھانوں میں مداخلت کا خاتمہ کریگی، نئے پاکستان میں غیر ممالک سے لوگ آکر روزگار کے مواقع تلاش کرینگے۔

جاوید ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقتدار میں رہنے والے ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، ہر اقتدار کا باغی رہا ہوں، ملک بچانے کیلئے عمران کا سات دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں شہری ضمیر کی آواز پرووٹ کاسٹ کریں اور فیصلہ کریں کہ ملک میں گلے سڑے نظام کی تبدیلی کیلئے عمران خان کا ساتھ دیں گے، عمران خان دو دہائیوں سے جاگ رہے ہیں اور اب قوم کو جگانے نکلے ہیں جو قائد اعظم کی سوچ کی عکاسی ہے، آج پاکستان میں غربت کی زنجیریں ہیں، روزگار نہیں ملتا، امن و امان کی صورتحال خراب ہے، ان حالات سے نمنٹنے کیلئے عمران خان کو وزیر اعظم بنانا ہوگا۔

جہانگیر خان ترین نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کی جو حالت بنائی ہے عوام کے سامنے ہے، پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کی درگت بنانے کا حساب دے۔ انہوں نے کہا کہ وہ رحیمیار خان کی نشست چھوڑ کر اپنے علاقہ کے عوام کی خدمت کا تہیہ کر کے آئے ہیں، لودھراں کے عوا م کی حالت بدلے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات