کیوبا ،وینزویلا کے صدر ہیوگو شاویز کا کینسر کا کامیاب آپریشن، جسم سے متاثرہ بافتیں نکال دی گئیں

بدھ 12 دسمبر 2012 13:08

ہوانا/کراکس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔12دسمبر 2012ء )کیوبا میں معالجین نے وینزویلا کے صدر ہیوگو چاویس کا کامیاب آپریشن کیا ہے اور اس دوران ان کے جسم سے کینسر سے متاثرہ بافتیں نکال دی گئیں ۔وینزویلا کے نائب صدر نکولس مدورو نے ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے اس آپریشن کو پیچیدہ مگر مکمل طور پر کامیاب قرار دیا ہے۔صدر چاویس پیر کو ہوانا پہنچے تھے جہاں اٹھارہ مہینوں میں یہ ان کا چوتھا آپریشن تھا۔

جون 2011 میں ایک سرجری کے دوران صدر چاویس کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔وینزویلا سے روانہ ہونے سے قبل شاویز نے پہلی مرتبہ اپنے جانشین کی بات کی تھی۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ واپس اقتدار میں نہیں آئے تو نائب صدر نکولس مدورو اقتدار سنبھالیں گے۔ قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ اس آپریشن میں خطرات موجود ہیں جن سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ان کی صحت نے ساتھ نہ دیا اور نئے انتخابات ہوئے تو لوگ نکولس مدورو کو ووٹ دیں۔ہیوگو چاویس اکتوبر میں چوتھی مرتبہ وینزویلا کے صدر منتخب ہوئے تھے اور ان کی چھ سالہ مدتِ صدارت آئندہ ماہ کی دس تاریخ سے شروع ہونی ہے۔وینزویلا کے آئین کے مطابق اگر ملک کا صدر اپنے دورِ اقتدار کے ابتدائی چار برس میں یہ عہدہ چھوڑ دے تو تیس دن میں نئے انتخاب کا انعقاد ضروری ہے۔