میریٹ میں ہونے والا دھماکہ خود کش تھا ۔شیرپاؤ۔دھماکے کے بعد ملک بھر میں ہائی الرٹ‘وزیرمملکت برائے صحت زخمیوں کی عیادت کرنے ہسپتال پہنچ گئیں۔پولیس نے صحافیوں کو پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے روک دیا‘ کیمرے چھین کر فوٹو گرافروں پر لاٹھی چارج‘گزشتہ سال بھی میریٹ میں دھماکہ ہوا تھا

جمعہ 26 جنوری 2007 15:14

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین26جنوری2007 ) حکومت نے وفاقی دارالحکومت کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میریٹ میں ہونے والے دھماکے کو خود کش حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے ‘وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے فائیو سٹار ہوٹل میں ہونے والا دھماکہ خود کش حملے کا نتیجہ ہے جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ۔

ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور وہاں پر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے جبکہ اس حوالے سے وزیر مملکت برائے صحت شہناز شیخ نے پولی کلینک کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے ہسپتال کے عملے کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کیں۔

(جاری ہے)

جبکہ زخمیوں میں سے ایک کی شناخت طارق کے نام سے ہوئی ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور ہوٹل کے ڈسکو کلب میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران جب اسے سیکیورٹی اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی گارڈ سمیت 2 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب اسلام آباد میں ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ میریٹ کی کار پارکنگ میں خود کش دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 5زخمی ہو گئے فوری طور پرطبی علاج کے لئے زخمیوں کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جبکہ دھماکے کے نتیجے میں قریب کھڑی متعدد گاڑیوں اور ہوٹل کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ جبکہ دھماکے کے فوری بعد وہاں سے تمام گاڑیوں کو ہٹا دیا گیا اور علاقے میں تمام ٹریفک کو روک دیا گیا۔ پولیس نے اس موقع پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور پولیس نے صحافیوں کو واقعہ کی کوریج سے روک دیا اور ان پر لاٹھی چارج کیا گیا اور کیمرہ مینوں سے ان کے کیمرے چھین کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ جبکہ حملہ آور کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی میریٹ ہوٹل کی لابی میں ایک دھماکہ ہوا تھا ۔

متعلقہ عنوان :