دہشت گردانہ کارروائیاں ہمیں اپنے مقاصد سے نہیں روک سکتیں‘ دہشت گردوں کیخلاف جنگ جاری رہیگی صد ر جنرل پرویز مشرف۔۔ایسے واقعات میں ملوث عناصر کو جلد بے نقاب کیا جائیگا‘ واقعہ کی فوری اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔صدر مملکت کی جانب سے حملے کی شدید مذمت و جانی نقصان پر اظہار افسوس

جمعہ 26 جنوری 2007 16:51

دہشت گردانہ کارروائیاں ہمیں اپنے مقاصد سے نہیں روک سکتیں‘ دہشت گردوں ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین26جنوری2007 ) صدر مملکت جنرل پرویز مشرف نے وفاقی دارالحکوتم کے فائیو سٹار ہوٹل میریٹ میں ہونے والے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی فوری اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے او رکہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رکھے گا اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کو جلد بے نقاب کیا جائے گا۔

جبکہ صدر مملکت نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق صدر جنرل پرویزمشرف نے وفاقی دارالحکومت میریٹ ہوٹل کی کار پارکنگ میں ہونے والے خود کش دھماکے کے واقعے کو خود مانیٹر کیا اور اس دوران انہوں نے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی فوری اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسی دہشت گردنہ کارروائیاں ہمیں اپنے مقاصد سے نہیں روک سکتیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا اور اس حملے جیسے واقعات میں ملوث عناصر کو جلد بے نقاب کیاجائے گا۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ حملے میں جاں بحق ہونے والے سیکیورٹی اہلکار نے بہت بڑی قربانی دی ہے ۔ صدر مملکت نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے اہلکار کی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود کش حملہ آور کو روک کر بہت جراتمندی کا مظاہرہ کیا ہے اور انہوں نے بہت بڑے نقصان سے بچایا ہے۔ صدر جنرل پرویز مشرف نے خود کش حملے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی اہلکار کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیاہے۔