ٹریڈنگ کارپوریشن کو مقامی شوگر ملز سے 33ملین ٹن چینی کی خریداری کیلئے 17 ارب روپے درکار

جمعرات 13 دسمبر 2012 18:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13دسمبر۔ 2012ء) ٹریڈنگ کارپوریشن کو مقامی شوگر ملز سے 33ملین ٹن چینی کی خریداری کیلئے 17 ارب روپے درکار ہیں۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کہا کہ یہ رقم مقامی طور پر چینی بنانے والی شوگر ملز کو دی جائے گی جنہیں موجودہ حالات میں مشکلات کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

ای سی سی کی جانب ہدایات ملنے کے بعد ٹریڈنگ کارپوریشن آئندہ ہفتے ایک ٹینڈر جاری کرے گی جس کیلئے ابھی انہیں وفاقی حکومت کی جانب سے تحریری طور پر اجازت درکار ہے ،اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی طور پر کام کرنیوالی شوگرملز کو 33ملین ٹن چینی بنانے کیلئے 17 ارب روپے کی خطیر رقم درکار ہے تاکہ وہ اپنا کام شروع کرسکیں۔

ٹریڈنگ کارپوریشن کو اب تک مختلف حکومتوں کی جانب سے رقم ملتی رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس بار بھی حکومت رقم فراہم کرے گی، ذرائع نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹریڈنگ کارپوریشن نے اب تک 160 بلین روپے جمع کرلئے ہیں اور امید ہے کہ مستقبل قریب میں ہمیں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ، ذرائع نے کہا کہ شوگر ملز کو رقم دینے کے حوالے سے ابھی تک ای سی سی کمیٹی نے کوئی لائحہ عمل طے نہیں کیا مگر ہمیں لگتا ہے کہ جیسے ماضی کی طرح اس بار بھی اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔