وفاقی وزارت داخلہ کی پشاور ایئر پورٹ پر دہشت گرد حملے کے بعد ملک کے تمام ائر پورٹس کی سیکورٹی ریڈ الرٹ کرنے کی ہدایت ،ہوائی اڈوں کے قرب وجوار میں واقع کثیر المنزلہ عمارتوں کی نگرانی اور تلاشی کیلئے احکامات جاری ، قومی اسمبلی وسینٹ کے اجلاس کے موقع پر ریڈزون میں سیکورٹی کو انتہائی سخت کرنے کی ہدایت

اتوار 16 دسمبر 2012 20:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16دسمبر۔ 2012ء) وفاقی وزارت داخلہ نے پشاور ایئر پورٹ پر دہشت گرد حملے کے بعد ملک کے تمام ائر پورٹس کی سیکورٹی کو ریڈ الرٹ کرتے ہوئے ہوائی اڈوں کے قرب وجوار میں واقع کثیر المنزلہ عمارتوں کی نگرانی اور تلاشی لینے کے احکامات جاری کر دئیے جبکہ قومی اسمبلی وسینٹ کے اجلاس کے موقع پر ریڈزون میں سیکورٹی کو انتہائی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اتوار کو سرکاری ذرائع کے مطابق پشاور ائر پورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے اسلام آباد سمیت ملک کے تمام ہوائی اڈوں کی سیکورٹی کو ریڈ الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ، ائر پورٹس کے قریبی علاقوں میں واقع کثیر المنزلہ عمارتوں کی نگرانی اور تلاشی لینے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ دہشت گردی کے کسی بھی ممکنہ واقعہ سے بچا جاسکے وزارت داخلہ نے صوبائی پولیس سربراہان ہوم سیکرٹریز، اے ایس ایف چیفس اور وزارت دفاع کو الگ الگ مراسلے ارسال کئے ہیں ذرائع نے بتایا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے ریڈ زون میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کی تلاشی لینے کا کہا گیا ہے۔