Live Updates

تحر یک انصاف کواقتدارمیں آنے سے کوئی طاقت روک نہیں سکتی ، اگلی حکو مت ہماری ہی ہوگی ،(ن) لیگ اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتوں نے اپنی رشتہ دار خواتین کو مخصوص نشستوں پر منتخب کروایا،مخصوص نشستوں کیخلاف ہیں ،تحر یک انصاف عام انتخابات سے پہلے جامع منشور قوم کے سامنے لیکر آئیگی ،اقتدار میں آکر خواتین کی صحت اور انصاف کیلئے ملک میں ایمر جنسی لگائی جا ئیگی ،تعلیم کا بجٹ 1.5سے بڑھا کر5فیصد کر دیا جا ئیگا، اسمبلیوں میں حقیقی نمائندے لائیں گے، باقاعدہ پر وگرام تر تیب دیا جا ئیگا “ خواتین کے ساتھ ہونیوالے ظلم و ناانصافی کو ختم کردینگے،تحریک انصاف انقلابی بلدیاتی نظام متعارف کرائیگی ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا ایوان اقبال میں ”انصاف خواتین کیلئے“ کے موضوع پر تقریب سے خطاب

اتوار 16 دسمبر 2012 23:07

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16دسمبر۔ 2012ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحر یک انصاف کو اقتدار میں آنے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی ،آنیوالی حکو مت تحر یک انصاف کی ہی ہوگی ،(ن) لیگ اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتوں نے اپنی رشتہ دار خواتین کو مخصوص نشستوں پر منتخب کروایا،مخصوص نشستوں کیخلاف ہیں ،تحر یک انصاف عام انتخابات سے پہلے جامع منشور قوم کے سامنے لیکر آئیگی ،اقتدار میں آکر خواتین کی صحت اور انصاف کیلئے ملک میں ایمر جنسی لگائی جا ئیگی ،تعلیم کا بجٹ 1.5سے بڑھا کر5فیصد کر دیا جا ئیگا “ ہم اسمبلیوں میں حقیقی نمائندے لائیں گے اور اس کا باقاعدہ پر وگرام تر تیب دیا جا ئیگا ، پاکستانی خواتین کو امپورٹیڈ حقوق کی ضرورت نہیں، اسلام انہیں تمام حقوق دینے کی بات کرتا ہے، میرا اللہ تعالیٰ سے عہد ہے کہ خواتین کے ساتھ ہونیوالے ظلم و ناانصافی کو ختم کردینگے،تحریک انصاف انقلابی بلدیاتی نظام متعارف کرائیگی۔

(جاری ہے)

وہ اتوار کے روز ایوان اقبال میں ”انصاف خواتین کیلئے“ کے موضوع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال، سیمی راحیل، ڈاکٹرسعد بشیر ملک نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقعہ پر محمود الرشید، ماہا راجہ ترین، مہناز رفیع، شاہینہ اسداور دیگربھی موجود تھے۔ عمران خان نے تحر یک انصاف جو بھی وعدے کر یگی ان پر اقتدار میں آکر مکمل عمل کیا جا ئیگا ، اقتدار میں آکر خواتین کیلئے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ایمرجنسی نافذ کریں گے کیونکہ وہ معاشرے تباہ ہوجاتے ہیں جہاں عورت کو تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جاتا ہے،بدقسمتی سے پاکستان میں حکمرانوں کیلئے خواتین کبھی بھی ترجیح نہیں رہیں، تحریک انصاف کی قوت نوجوان اور خواتین ہیں اور یہ دونوں نیا پاکستان بنانے میں تحریک انصاف کے ہر اول دستہ کا کردار ادا کرینگے،بر صغیر میں پاکستانی عورتوں کا لٹریسی ریٹ سب سے کم ہے ، کسی بھی معاشرہ کی تعمیر یا بگاڑ میں خواتین کا کردار کلیدی ہوتا ہے، آزاد پاکستان کا خواب مجھے میری والدہ نے دیا، تحریک انصاف خواتین کی مخصوص نشستوں کے خلاف ہے کیونکہ وہ عورتوں کی مکمل نمائندگی نہیں کرتیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں خواتین کے ساتھ ہمیشہ ہی ظلم اور ناانصافی کا برتاؤ کیا جاتا رہا ہے اور خواتین کو وہ مقام نہیں دیا گیا جس کی وہ مستحق ہیں، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ہمیشہ ہی خواتین کی تعلیم پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان برِصغیر میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے سب سے نچلے نمبر پر ہے انہوں نے کہا کہ دنیا میں پہلی دفعہ اسلام کا انقلا ب آیاجو کہ عورتوں کی آزادی کا تھا جس میں عورتوں کو ان کے پورے حقوق دیے گئے اور اگر آپ حضور ﷺکی زندگی کو دیکھیں تو انہو ں نے بیواؤں سے شادی کی،لیکن بدقسمتی سے ہم نے وقت کے ساتھ ساتھ ایسی روایا ت اپنا یاجس میں عورتوں کو وراثت کے حق سے محروم کر دیا گیا اور ان سے ان کے بنیادی حقوق چھین لیے جو سرا سر اسلام کی تعلیمات کے منافی ہیں انہوں نے کہا کہ کتنی بے حسی اور شرم کی بات ہے کہ گزشتہ 40سال پہلے پاکستان کہاں کھڑا تھا اور آج کس مقام پر ہے جہاں پر عورتوں کوتعلیم جیسے زیور سے محروم رکھا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ جس طرح مسلمانوں کی ذہنی تنزلی ہورہی ہے اس سے سب سے زیادہ نقصان عورتوں کو ہوا ہے ا ور جس معاشرے میں عورت کو تعلیم نہیں دی جاتی وہ معاشرہ تباہ ہو جاتاہے ، انہوں نے کہا کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں اس کا سارا صلہ میری والدہ کو جاتا ہے جنہوں نے مجھے آزاد پاکستان کا خواب دکھایا،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ا قتدار میں آکر خواتین کی صحت اور تعلیم کے لئے ایمرجنسی نافذ کرے گی،اور تعلیم کا بجٹ دو فیصد سے بڑھا کر پانچ فیصد تک کر دے گے جبکہ خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے ان کو قرضے دے گی ٹرانسپورٹ کا خصوصی نظام بنائے گی ، انہوں نے کہا کہ خواتین ہی معاشرے کی بہتر نشونما کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اوراس بات کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہم ملک بھر میں خواتین کی دیکھ بھال کیلئے مراکز قائم کرے گی،انہوں نے کہا تحریک واحد سیاسی جماعت ہے جو خواتین کی معاشی،سیاسی،اور معاشرتی لحاظ سے تربیت کر رہی ہے،ا نہوں نے مزید کہا کہ پا کستان تحریک انصاف اقتدار میں آ کر خواتین کی فلاح و بہبود کے لیئے کا م کرے گی اور عورتوں پر ہونے والے مظالم کا خاتمہ کرے گی۔

ہماری قومی بے حسی کا یہ عالم ہے کہ ہم آج نیپال اورسری لنکا جیسے ممالک سے شرح خواندگی میں نیچے ہیں تحریک انصاف خواتین کے حوالے سے جامع فریم ورک بنارہی ہے۔ انشا اللہ الیکشن سے قبل جامع منشور عوام کے سامنے لے آئیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف نوجوانوں اور خواتین کی مدد سے نیا پاکستان بنائے گی اگرآپ نے تحریک انصاف پراعتماد کیا تو معاشرے سے خواتین کے ساتھ امتیازی قوانین کا خاتمہ کرینگے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات