صحت مند مستقبل کیلئے بچوں کو پولیو سے بچانا ہوگا، افسران مہم کے سو فیصد نتائج حاصل کرنے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد آغا شاہنواز بابر کا پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 17 دسمبر 2012 20:07

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔17دسمبر۔ 2012ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد آغا شاہنواز بابر نے کہا ہے کہ صحت مند مستقبل کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی نسلوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری و احسن طریقے سے ادا کریں کیونکہ آج کے نو نہال ہی مستقبل کے معمار ہیں، یہ بات انہوں نے روٹری کلب انٹر نیشنل قاسم آباد کی جانب سے عبداللہ اسپورٹس ٹاورمیں لگائے گئے کیمپ میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر سہ روزہ پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر کہی‘ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد آغا شاہنواز بابر نے کہا کہ سول سوسائٹی ، این جی اوز اور سماجی تنظیمیں اس قومی فریضہ میں ہمارا ساتھ دیں اور اپنے علاقوں میں اس موذی مرض سے متعلق آگاہی دیں اور ایسے والدین جو بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلواتے انہیں بتائیں کہ پولیو ایک لا علاج مرض ہے اس کے بچاؤ کا واحد ذریعہ صرف پولیو ویکسین ہے لہٰذا اپنے پھول جیسے بچوں کو ہمیشہ کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں‘ انہوں نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مہم کے سو فیصد نتائج حاصل کرنے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں تاکہ ہم اپنا مطلوبہ ٹارگٹ آسانی سے حاصل کر سکیں‘ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں غفلت و لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی‘ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ اگر ان کے علاقوں میں پولیو ٹیمیں نہ پہنچے تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کر کے ان علاقوں میں ٹیمیں بھیجی جاسکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد نذیر احمد ابڑو ، محمد عمران خان ، طارق مسعود بھٹو ‘ مختیار کار قاسم آباد و دیگر ممبران بھی موجود تھے‘ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد آغا شاہنواز بابر نے قاسم آباد ، لطیف آباد اور سٹی میں جاری پولیو مہم کا جائزہ بھی لیا۔

متعلقہ عنوان :