کراچی اور پشاور میں پولیو مہم کے دوران ہیلتھ ورکرز پر نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ کے چار واقعات‘ 4خواتین ہیلتھ ورکر ز سمیت 5جاں بحق‘ 5 زخمی ‘ عالمی ادارہ صحت نے کراچی میں پولیو مہم روک دی‘ انسداد پولیو کنٹرول روم بند کردیا گیا

منگل 18 دسمبر 2012 15:07

کراچی/پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔18دسمبر 2012ء) کراچی اور پشاور میں پولیو مہم کے دوران معصوم بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے والے ہیلتھ ورکرز پر نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ کے پانچ واقعات میں 4 خواتین ہیلتھ ورکرز سمیت 5 جاں بحق جبکہ دو بہنوں سمیت پانچ زخمی ہوگئے‘ کراچی اور پشاور میں نشانہ بننے والی پانچوں خواتین کو سر میں گولیاں ماری گئیں‘ کراچی میں چاروں خواتین جاں بحق‘ پشاور میں زخمی کی حالت تشویشناک ‘ کراچی میں فائرنگ کے تین واقعات کے بعد عالمی ادارہ صحت نے کراچی میں پولیو مہم روک دی اور انسداد پولیو کنٹرول روم کو بند کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کا پہلا واقعہ لانڈھی کے علاقے گلشن بونیر میں پیش آیا جہاں پولیو ٹیم کو نشانہ بنایا گیا ‘ فائرنگ سے 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز جاں بحق جبکہ ایک میل ورکرشدید زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا اور دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر ساڑھے گیارہ میں پولیو ٹیم کو نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا جس سے ایک لیڈی ہیلتھ ورکر جاں بحق ہوگئی ، جبکہ تیسرا واقعہ بلدیہ ٹاؤن میں پیش آیا جہاں فائرنگ سے خاتون سمیت دو ہیلتھ ورکر زخمی ہوگئے‘ کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں جاں بحق ہونے والی ہیلتھ ورکرز کی شناخت فریحہ‘ مدیحہ‘ نسیم اختر اور کنیز کے نام سے ہوئی ہے ۔

کراچی میں پولیو ٹیموں پر حملوں کے بعد عالمی ادارہ صحت نے کراچی میں پولیو مہم روک دی اور انسداد پولیو کنٹرول روم کو بند کردیا گیا۔ پولیو مہم روکنے کے فیصلے سے سندھ حکومت کو آگاہ کردیا گیا ہے‘ صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر صغیر احمد نے پولیو ٹیموں پر دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں انتہائی شرمناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ورکرہمارے بچوں کو پولیو سے بچانے کیلئے انہیں گھر گھر جا کر قطرے پلا رہے ہیں لیکن ملک و قوم کے دشمن ان کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ ان انسانیت دشمن دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے اٹھ کھڑی ہو اور حکومت کا ساتھ دے ۔

دریں اثناء پشاور میں بھی ایک پولیو ٹیم کو شرپسندوں نے نشانہ بنایا اور فائرنگ سے ایک خاتون ہیلتھ ورکر کو زخمی کردیا جسے ریڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچایا گیا‘ سر میں گولی لگنے کی وجہ سے اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پشاور میں متھرا کے علاقے میں پولیو ٹیم پر حملے میں دو ہیلتھ ورکر بہنیں زخمی ہوگئیں۔