ٹانک، گومل میں پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ کے زیر ِ اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد ، چھ سوسے زائد مریضوں کا طبی معائنہ اور مفت ادویا ت فراہم کی گئیں

منگل 18 دسمبر 2012 19:44

ٹانک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔18دسمبر۔ 2012ء) ٹانک میں قیا م ِ امن کے بعد نواحی گاؤں گومل میں پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ کے زیر ِ اہتمام فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کے دوران چھ سوسے زائد مریضوں کا طبی معائنہ اور مفت ادویا ت فراہم کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق ٹانک کے دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کو صحت کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے پاک آرمی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ شہری علاقوں کی طرح دور افتادہ علاقوں کے شہر ی صحت کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

اسی حوالے سے بروز سوموار کو ٹانک کے دور افتادہ علاقہ گومل بازار کی آر ایچ سی میں پاک آرمی اور ٹانک کی ضلعی انتظامیہ کے مشترکہ تعاون سے ایک فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

مذکورہ فری میڈیکل کیمپ میں پاک آرمی کے ڈاکٹروں کے علاوہ ،محکمہ صحت کے ڈاکٹروں نے شرکت کی۔ جبکہ اس کے علاوہ لیڈی ڈاکٹر بھی فری میڈکل کیمپ میں موجود تھی ۔

گومل بازار میں لگائے جانیوالے فری میڈیکل کیمپ میں پاک آرمی اور محکمہ صحت ٹانک کے ڈاکٹروں نے مختلف بیماریوں میں مبتلا چھ سو سے زائد مریضوں کا مفت چیک اپ کیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کیں۔مریضوں میں بچے۔بوڑھے اور عورتیں شامل تھیں۔ ڈی سی او ٹانک عامر خٹک ،پاک آرمی کے میجر ذکاء اور ڈی پی او ٹانک فرید اللہ کٹی خیل نے فری میڈیکل کیمپ کا خصوصی دورہ کیا اور وہاں پرکئے جانیوالے انتظامات کا جا ئیزہ لیا ۔

اس موقع پر ڈی سی او نے کہا کہ پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منعقد کئے جانیوالے اس فر ی میڈیکل کیمپ کا مقصد شہریوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پر صحت کی سہولیات پہنچانا ہے تاکہ گاؤں کے شہری بھی صحت کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں ۔گومل کے شہریوں نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد پرآپریشنل کمانڈ بریگیڈئیر اصغر اور ڈی سی او ٹانک عامر خٹک کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اس قدام کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :