پولیو ٹیموں پر حملوں کیخلاف سندھ اور خیبر پختونخوا میں احتجاج

بدھ 19 دسمبر 2012 14:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19دسمبر 2012ء) کراچی، پشاور، نوشہرہ اور چارسدہ میں پولیو ٹیموں پر حملوں اور لیڈی ہیلتھ ورکر زکے قتل کے خلاف سندھ اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور لیڈی ہیلتھ ورکرز نے مظاہرے کئے اور انسداد پولیومہم کا بائیکاٹ کیا۔ حیدرآباد پریس کلب کے باہر مظاہرے میں لیڈی ہیلتھ ورکرز پر حملوں کی مذمت کی گئی اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کاظم شاہ کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر صحت کی ہدایت پر حیدرآباد اور لاڑکانہ سمیت سندھ بھرمیں پولیو مہم ملتوی کردی گئی ہے۔ آل پاکستان لیڈی ہیلتھ ورکرز ایسوسی ایشن کی صدر رضوانہ مغل نے کہا کہ تحفظ فراہم کئے جانے تک پولیو مہم نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پولیو ٹیموں پر حملوں کے خلاف لاڑکانہ کے جناح باغ میں پیرامیڈیکل اسٹاف نے مظاہرہ کیا اور انسداد پولیو مہم کی مخصوص کٹس اور ٹوپیاں جلادیں۔

ڈوگری، گھوٹکی، نوشہروفیروز، جیکب آباد اور شکار پور میں بھی ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور لیڈی ہیلتھ ورکرز نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ استور میں بھی لیڈی ہیلتھ وررکرز نے پولیو مہم کے دوران جاں بحق ہونے والی خواتین ورکرز سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا۔

متعلقہ عنوان :