امریکہ اور اقوام متحدہ کی پاکستان میں انسداد پولیو ورکرز پردہشت گردوں کے حملوں کی شدید مذمت، امریکا کی ہمدردیاں ہیلتھ ورکرز کے ساتھ ہیں دنیا میں کہیں بھی صحت عامہ کے رضا کاروں پر حملے ناقابل قبول ہیں،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ وکٹوریہ نولینڈ، حملے نا قابل فہم اور ناقابل معافی ہیں ان کا کوئی جواز نہیں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون، ملک میں پولیو کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مہم جاری رکھی جائے گی،اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کی بان کی مون سے ملاقات میں یقین دہانی

بدھ 19 دسمبر 2012 16:25

واشنگٹن/نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔19دسمبر 2012ء) امریکہ اور اقوام متحدہ نے پاکستان میں انسداد پولیو مہم کی ٹیموں پر دہشت گردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ واشنگٹن میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے پاکستان میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والے ورکرز پر حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی ہمدردیاں ہیلتھ ورکرز کے ساتھ ہیں دنیا میں کہیں بھی صحت عامہ کے رضا کاروں پر حملے ناقابل قبول ہیں۔ کسی بھی خطے میں کشیدگی کے دوران ہیلتھ ورکرز کو غیر جانبدار سمجھنا چاہیے۔ ادھراقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ایک بیان میں ہیلتھ ورکرز پر حملوں کی شدید مذمت کی ان کا کہنا ہے کہ حملے نا قابل فہم اور ناقابل معافی ہیں ان کا کوئی جواز نہیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے بھی نیویارک میں بان کی مون سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ان واقعات کی شدید مذمت کرتا ہے اور ملک میں پولیو کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مہم جاری رکھی جائے گی۔