کراچی اور پشاور میں پولیو ورکرز کے قتل پر عالمی ادارہ صحت و یونیسف کا اعلامیہ جاری، ایسے واقعات پاکستان کی آبادی کوصحت کی بنیادی سہولیات سے محروم کرسکتے ہیں،حکومت انسداد پولیو کی مہم میں مصروف ہیلتھ ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنائے ،اعلامیہ میں مطالبہ

بدھ 19 دسمبر 2012 16:25

کراچی/پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔19دسمبر 2012ء) کراچی اور پشاور میں پولیو ورکرز کی ہلاکت پر عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا۔ اعلامیہ میں متنبہ کیا گیا کہ ایسے واقعات پاکستان کی آبادی کوصحت کی بنیادی سہولیات سے محروم کرسکتے ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور یونیسیف نے کراچی اورپشاورمیں انسداد پولیو مہم کودرپیش مشکلات اورحالیہ واقعات میں ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ انسداد پولیو کی مہم میں مصروف ہیلتھ ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ،تاکہ پاکستان میں بچوں کی صحت سے متعلق مدد حاصل کی جاسکے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں اب بھی نائجیریا اور افغانستان کی طرح پولیو موجود ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور یونیسیف کے مشترکہ اعلامیہ میں انسدادپولیو مہم میں حصہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مختلف واقعات میں جاں بحق ہونے والے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم تھے۔