توقیر صادق پہلے گورنر ہاؤس پنجاب اور اب اسلام آباد کے بڑے گھر چلے گئے،انہوں نے اکیلے 83 ارب روپے نہیں کھائے، بلکہ جو انہیں تحفظ دے رہے ہیں انہوں نے بھی رقم کھائی،عوام کو چاہئے ڈاکوؤں اور لٹیروں سے اسلام آباد کے بڑے گھروں کو آزاد کرائیں،آئی سی کمیشن کی سفارشات پر عمل کیا جائے گا ،پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ادویات ری ایکشن کے ذمے داروں کیخلاف کارروائی کی گئی، جوڈیشل انکوائری میں جن لوگوں کے نام آئے ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 19 دسمبر 2012 19:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔19دسمبر۔ 2012ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ توقیرصادق پہلے گورنر ہاؤس لاہور میں چھپے رہے ، پھر اسلام آبادکے بڑے گھر میں چلے گئے، دو بڑے گھروں میں چھپا ہوا ہے، توقیر صادق نے اکیلے 83 ارب روپے نہیں کھائے، بلکہ جو انہیں تحفظ دے رہے ہیں انہوں نے بھی رقم کھائی۔عوام کو چاہئے کہ ڈاکوؤں اور لٹیروں سے اسلام آباد کے بڑے گھروں کو آزاد کرائیں۔

وہ بدھ کو پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگوکررہے تھے۔رانا ثناء اللہ نے کہاکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ادویات ری ایکشن کے ذمے داروں کیخلاف کارروائی کی گئی جبکہ جوڈیشل انکوائری میں جن لوگوں کے نام آئے ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ادویات ری ایکشن میں جو سینئر ڈاکٹر ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی پر ڈاکٹر ہڑتال کردیتے ہیں۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے توقیر صادق کے حوالے سے کہا کہ وہ پہلے گورنر ہاؤس میں چھپے رہے، اور گورنر کی گاڑی میں اسلام آباد پہنچایا گیا۔جس کے بعد وہ اسلام آبادکے بڑے گھر میں چلے گئے۔وہ دو بڑے گھروں میں چھپا ہوا ہے،ان کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب کیا کرے۔اسلام آباد کے بڑے گھر چوروں اور ڈاکووٴں سے خالی ہونے چائیے۔ 83ارب روپے توقیر صادق اکیلا نہیں کھاسکتا، توقیر صادق تمام پیسے اگر اکیلا کھاجاتا تو اس کے ٹکڑے ٹکڑے کردیئے جاتے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی آئی سی کمیشن کی سفارشات پر عمل کیا جائے گا لیکن پی آئی سی خود مختار ادارہ ہے اسے بھی اقدامات کرنے چاہئیں۔کراچی اور پشاور میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کے واقعہ پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں پولیو ٹیموں کی سیکورٹی سخت کر دی ہے۔ راناثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے والی ٹیم کو مکمل سیکیورٹی دیں گے۔