پشاور اور کراچی میں پولیو ورکرز کے قتل کے مقدمات درج، انسداد دہشت گردی کی دفعات نہیں لگائی گئیں،سہراب گوٹھ، گلشن بونیر اور اورنگی ٹاوٴن میں سرچ آپریشن کے دوران مقابلہ میں 2ہلاک، 45مشکوک افرادگرفتار، اسلحہ برآمد

بدھ 19 دسمبر 2012 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔19دسمبر۔ 2012ء) پشاور اور کراچی میں گزشتہ روز قتل ہونے والے پولیو ورکرز کے ملزمان گرفتار نہ ہوسکے تاہم پولیس نے شک کی بنیاد پر 45 افراد کو حراست میں لے لیا۔لانڈھی کے علاقے گلشن بونیر میں دو لیڈی ہیلتھ ورکرز کے قتل کا مقدمہ مقتولہ فہمیدہ کے شوہر کی مدعیت میں قائد آباد تھانے میں درج کیا گیا۔ بلدیہ ٹاوٴن میں جاں بحق ہونے والی کنیز کا مقدمہ زخمی راشد کی مدعیت میں تھانہ موچھکو میں درج کیا گیا۔

(جاری ہے)

دونوں مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی دفعات نہیں لگائی گئیں۔ اورنگی ٹاوٴن میں نسیمہ خاتون اور اس کے ساتھی اسرار احمد کے قتل کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا۔ بدھ کو پولیس نے سہراب گوٹھ، گلشن بونیر اور اورنگی ٹاوٴن میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران سہراب گوٹھ میں مشتبہ ملزمان اور پولیس کے درمیان ہونے والی فائرنگ میں دو مشتبہ افراد ہلاک کردیئے گئے ، سرچ آپریشن کے دوران 45 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا۔ دوسری جانب پشاور میں قتل ہونے والی پولیو ورکر کے قتل کا مقدمہ تھانہ متھرا میں درج کرلیا گیا مگر ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔