حکومت مستقبل میں پولیو ٹیموں پر حملوں کی روک تھام کیلئے مناسب اقدامات کرے ، متاثرہ خاندانوں کو مناسب مالی امداد دی جائے ،پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق کی کراچی اور پشاور میں پولیوقطرے پلانے والی ٹیموں کے ارکان کے بہیمانہ قتل کی مذمت

بدھ 19 دسمبر 2012 21:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔19دسمبر۔ 2012ء) پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے کراچی اور پشاور میں پولیوقطرے پلانے والی ٹیموں کے ارکان کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کرے اور متاثرہ خاندانوں کو مناسب مالی امداد فراہم کرے۔

بدھ کے روز جاری کئے گئے ایک بیان میں ایچ آر سی پی نے کہا ”کراچی اور پشاور میں پولیو ٹیموں کے ارکان کے وحشیانہ قتل کے واقعات سفاکی کی بدترین مثال ہیں اور پاکستان کے بچوں کو ایک صحت مند مستقبل سے محروم کرنے کی گھناؤنی سازش ہیں۔ کسی ایک بچے کا پولیو کا شکارہونا بھی پوری کمیونٹی میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کی ناکامی کا باعث بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں اس کی اہمیت اور بھی زیادہ ہے کیونکہ پاکستان دنیا کے ان تین ممالک میں سے ایک ہے جہاں یہ مرض آج بھی بچوں کی ہلاکت اور معذوری کا باعث ہے۔یہ بات ناقابل یقین لگتی ہے کہ کراچی اور پشاور میں ایک ہی دن ہونے والے حملوں کا آپس میں کوئی تعلق نہیں تھا۔خاص کر منگل کے روز کراچی میں پولیو ٹیموں پر ہونے والے تینوں واقعات ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں پیش آئے جس سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ یہ ایک ہی سازش کا حصہ تھے۔

ملک میں پولیو ٹیموں پر حملے کے واقعات ساراسال ہی سامنے آتے رہے ہیں۔تاہم ان کے سدباب کے لیے حکومت کی طرف سے مناسب اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے۔ مستقبل میں ایسے سانحات کو روکنے کے لیے نہ صرف یہ ضروری ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں ہونے والے حملوں کے ذمہ دار افراد کو گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق قرارواقعی سزا دی جائے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ شدت پسندانہ عناصر کے عزائم سے متعلق بروقت معلومات حاصل کرکے ایسے واقعات کے خلاف پیش بندی کی جائے۔

ان حملوں کے بعد پولیو قطرے پلانے کی مہم کو جاری رکھنا،پولیو ٹیموں کے ارکان کی حفاظت اور ان کا حوصلہ بڑھانا اور بھی ضروری ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں بنیادی ذمہ داری بے شک حکومت پر عائد ہوتی ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ کمیونٹی رہنماؤں کا کردار بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔ ایچ آر سی پی تمام سیاسی جماعتوں، میڈیا، سول سوسائٹی اور مقامی کمیونٹی کے رہنماؤں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ان وحشیانہ واقعات کی پرزورمذمت کریں اور والدین کو اس بات پر آمادہ کریں کہ وہ اس موذی مرض سے حفاظت کے لیے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں۔

ایچ آر سی پی حکومت سے یہ اپیل بھی کرتا ہے کہ وہ جاں بحق ہونے والے پولیو ٹیموں کے ارکان کے خاندانوں کی مناسب مالی امداد کرے تاکہ ان کے لیے اس کٹھن وقت میں آسانی کا کچھ سامان ہوسکے۔